گایتری پرجاپتی نے اپنے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کی عرضی داخل کی

03:52PM Tue 21 Feb, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز)یوپی حکومت کے وزیرگایتری پرجاپتی نے اپنے خلاف عصمت دری کے ایک معاملے میں سپریم کورٹ کی طرف سے ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کو واپس لینے کے لیے عدالت عظمی میں عرضی داخل کی ہے۔پرجاپتی نے سپریم کورٹ سے اپنی گرفتاری سے تحفظ کامطالبہ کیاہے۔انہوں نے درخواست میں کہاہے کہ عدالت نے فیصلہ دیتے وقت ان کا موقف نہیں سنا۔اس لیے ان کی گرفتاری سے پہلے ان کا موقف سنا جائے۔غورطلب ہے کہ 17؍فروری کو سپریم کورٹ نے یوپی حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ گایتری پرجاپتی کے خلاف عصمت دری کے ایک معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی تھی۔عدالت عظمی نے یوپی پولیس سے8ہفتے میں جانچ رپورٹ داخل کرنے کوکہاتھا ۔سماعت کے دوران یوپی حکومت نے کہا کہ خاتون نے شکایت کرنے میں تاخیر کی ہے ، اس لیے ایف آئی آر درج نہیں کی جا سکی۔اس پرسپریم کورٹ نے کہا کہ ایسے حساس مسئلے میں آپ نے ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر کیوں کی؟۔کورٹ نے یوپی حکومت کی دلیل کومستردکردیا۔غورطلب ہے کہ متاثرہ خاتون سماج وادی پارٹی کی کارکن ہے،اس کے مطابق، گایتری پرجاپتی نے2014سے جولائی 2016تک 2سال اس کی مسلسل عصمت دری کی ،پرجاپتی اور ان کے ساتھیوں نے کچھ موقعوں پراس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری بھی کی، جب پرجاپتی نے اس کی 14سالہ بیٹی کی عصمت دری کی کوشش کی ،تو اس نے پولس میں شکایت کی۔کوئی کارروائی نہ ہونے پر اس نے 7؍اکتوبر 2016کو ریاست کے ڈی جی پی سے بھی شکایت کی ،لیکن وہاں بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی، تب اس نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔