پٹنہ شیلٹر ہوم میں دو لڑکیوں کی مشتبہ موت ، اسپتال کا دعوی : بعد میں کرایا گیا داخل

10:11AM Sun 12 Aug, 2018

بہار کی راجدھانی پٹنہ کے شیلٹر ہوم آسرا میں دو لڑکیوں کی موت کے معاملہ میں سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ پی ایم سی ایچ انتظامیہ کا دعوی ہے کہ جس وقت لڑکیوں کو علاج کیلئے اسپتال میں لایا گیا تھا ، دونوں کی موت ہوچکی تھی ۔ پی ایم سی ایچ سربراہ ڈاکٹر راجیو رنجن نے نیوز 18 کو یہ معلومات فراہم کیں ۔ اسپتال انتظامیہ کے اس دعوی کے بعد مانا جارہا ہے کہ دونوں لڑکیوں کی موت شیلٹر ہوم میں ہی ہوگئی تھی اور معاملہ کی لیپا پوتی کرنے کے مقصد سے ہی انہیں پی ایم سی ایچ میں داخل کرایا گیا تھا ۔ مظفر پور شیلٹر ہوم ریپ واقعہ کے بعد بہار کے شیلٹر ہومس کی بدحالی کے معاملات مسلسل سامنے آرہے ہیں ۔ اسی درمیان پٹنہ کے راجیو نگر علاقہ میں واقع اس شیلٹر ہوم کی بھی خامی سامنے آئی ہے ۔ دو دن پہلے ہی یہاں سے لڑکیوں نے بھاگنے کی کوشش کی ، لیکن انہیں پکڑ لیا گیا۔
اس واقعہ کے دو دن بعد اب اسی شیلٹر ہوم کی دو لڑکیوں کی موت کی خبر آئی ہے۔ دونوں لڑکیوں کی موت ہفتہ کی شام کو ہی ہوئی تھی ، لیکن اس واقعہ کی معلومات پولیس کو نہیں دی گئی تھی ۔ اس موت کے بعد پٹنہ کا آسرا شیلٹر ہوم پھر سے تنازع میں آگیا ہے ۔ فی الحال دونوں لڑکیوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے نہیں آسکی ہے ۔