بھٹکل میں کوورونا پوزیٹیو معاملات کا سلسلہ جاری: آج مزید سات نئے معاملات کی تصدیق۔ کل تعداد 28 کو پہنچی
11:37AM Sun 10 May, 2020
بھٹکل: 10 مئی ،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں مینگلور کے فرسٹ نیورو اسپتال سے پہنچا کورونا کا مرض رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے 5 مئی کو 18 سالہ لڑکی کے کورونا پوزیٹیو پائے جانے کے بعد سے ہر دن مریضوں کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے۔ جمعہ کے روز بھٹکل میں کورونا کے 12 مریض پائے گئے تھے جس کے بعد کل ہفتے کے روز کورونا کے آٹھ مریضوں کی تصدیق ہوئی اور آج اسی لڑکی کے رابطہ میں آنے والے سات افراد کورونا پوزیٹیو پائے گئے ہیں۔
آج جن افراد کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو پائی گئی ہے ان میں کل سنیچر کو نوائط کالونی کی جس 15 سالہ لڑکی کی رپورٹ پوزیٹو آئی تھی اُس کی بڑی بہن، اُس کے والد، والدہ، اور دو بھائی شامل ہیں جبکہ بدریہ کالونی کا مقیم 35 سالہ رکشہ ڈرائیوراور مدینہ کالونی میں اُن ہی کے گھر میں رہنے والا قریبی رشتہ دار 17 سالہ لڑک بھی شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلہ میں عوام کو کہا ہے کہ کورونا کے ان بڑھتے معاملات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اس لیے کہ یہ ایک ہی فرد کے ذریعہ ان کے ہی رابطہ میں آنے والوں میں پھیلا ہے۔ موصوف نے عوام کو لاک ڈاؤن کی پابندی کرنے اور اپنے گھروں میں ہی رہنے کی تاکید کی ہے۔