’اَن لاک‘ ہوئیں بھٹکل کی مسجدیں، روح پرور ماحول میں قانونی پاسداری کے ساتھ ادا ہوئی پہلے دن کی نمازیں

01:33PM Tue 9 Jun, 2020

بھٹکل: 9 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) تقریباً 76 دنوں بعد بھٹکل کی تمام مسجدوں میں عام نمازی آج باجماعت نماز ادا کرنے کے لیے پہنچے۔ اچھی بات یہ رہی کہ سبھی جگہ تھرمل اسکیننگ کی جارہی تھی اور سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھا گیا تھا۔ اسی طرح مساجد کے دروازوں پر ہی صاف صفائی کا بھی بھرپور انتظام کیا گیا تھا۔ کافی دنوں بعد مساجد میں روح پرور ماحول میں نماز ادا کرنے کے بعد نمازیوں کے چہرے پر بھی ایک الگ چمک نظر آرہی تھی۔ بھٹکل میں جامع مسجد، خلیفہ جامع مسجد، ملیہ مسجد، مدینہ جمعہ مسجد، مخدومیہ جمعہ مسجد، مسجد نور، خالید بن ولید، سلطانی مسجد، مسجد احمد سعید، مسجد سیدنا اسماعیل بخاری و دیگر مساجد میں بوقت ظہر نماز کی ادائیگی کے لیے حکومت کی جانب سے دی گئی تمام ہدایات پر مکمل عمل کیا گیا تھا۔ یہاں بیشتر مساجد میں جماعت کے دوران نمازی کے درمیان کم از کم 3 فیٹ کا فاصلہ دیکھنے کو ملا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھٹکل میں اکثر مساجد کے ذمہ داران نے مسجدوں کو پوری طرح صاف کیا تھا تاکہ لوگوں کی آمد پر کورونا کا انفیکشن پھیلنے کا کوئی خطرہ نہ رہے۔ آج نمازیوں نے بھی اپنی طرف سے ہر طرح کا احتیاط کیا۔ نمازیوں نے مسجد میں داخل ہوتے اور مسجد سے نکلتے وقت سماجی فاصلہ یعنی سوشل ڈسٹنسنگ کا خیال رکھتے ہوئے ماسک لگانے کا بھی اہتمام کیا۔ اکثر مساجد میں سبھی نمازی ماسک لگا کر نماز پڑھتے ہوئے نظر آئے۔ بعض مساجد کے وضو خانہ میں چند ایک حضرات ہی وضو کر رہے تھے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لوگوں نے گھر میں ہی وضو کرنے کو ترجیح دی۔