مسلم فورم نے قومی پرچم لہراکر یومِ آزادی تقریب کا انعقادکیا
02:22PM Tue 16 Aug, 2016
ہم پاکستان مقبوضہ کشمیر کو واپس لینے کے لئے عالمی سطح پر مہم چلائیں گے: ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ16؍اگست: ملک کے70ویں یومِ آزادی کے موقع پر وزیرِ اعظم شری نریندر مودی کا لال قلعہ کی فصیل سے خطاب نہ صرف تاریخی اہمیت کا حامل ہے بلکہ ملک اور غیر ممالک کے مسائل کو انہوں نے جس طرح نشان زد کیا وہ خود ایک مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس( ایف ایم ایس اے ) کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے میڈیا سینٹر علی گڑھ پر ایف ایم ایس اے کے زیرِ اہتمام منعقدہ یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی نگاہ ملک کے ہر طبقہ پر ہے کیونکہ انہوں نے صرف دیہی ہندوستان پر ہی گفتگو نہیں کی بلکہ شہری اور تعلیم یافتہ طبقات کے فروغ پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم مسٹر نریندرمودی کے دور میں نہ صرف ملک کا اقتصادی فروغ ہوا ہے بلکہ حکومت نے صنعتی دنیا کو بھی جی ایس ٹی نافذ کرکے لال فیتہ شاہی سے راحت دلائی ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے بلوچستان، گلگٹ اور پاکستان مقبوضہ کشمیر کا جس طرح ذکر کیا ہے وہ ان کی انسانی ہمدردی پر دال ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے اور ہم اسے واپس لے کر رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم فورم عالمی سطح پر پاک مقبوضہ کشمیر کو واپس لینے کے لئے مہم چلائے گی۔
اس سے قبل میڈیا سینٹر پر قومی پرچم لہراتے ہوئے ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں جس طرح محروم طبقات کی فلاح کے لئے اسکیمیں نافذ کر رہے ہیں وہ ان کے ترقی کے عزم کا مظہر ہے کیونکہ جب تک حاشیہ پر کھڑے لوگوں کی ترقی نہیں ہوگی ملک صحیح معنی میں ترقی سے ہمکنار نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے50کروڑ خاندانوں کو حکومت کی جانب سے گیس چولہے مہیا کرانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی سابق وزیرِ اعظم نے اس طرح کی اسکیمیں نافذ نہیں کیں۔
این جمال انصاری نے کہا کہ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی نے ملک میں منتخب ترقی کی جگہ عوامی ترقی کا ذکر کیا ہے جو اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اصل ہندوستان دیہات میں بستا ہے اور جب تک دیہی علاقوں کی ترقی نہیں ہوگی ملک کی مکمل ترقی ممکن نہیں ہے۔
ٍ ڈاکٹر محمد فاروق خاں نے کہا کہ ’’ جل ہی جیون ہے‘‘(پانی ہی زندگی ہے) اور وزیرِ اعظم نے پانی کے نظم، سنچائی اور پانی کے تحفظ پر زور دیا ہے جس پر ہم سب کو توجہ دینی چاہئے۔
تقریب کے اختتام پر مسلم فورم نے پاک مقبوضہ کشمیر کو پاکستان سے واپس لینے کے لئے ایک مہم چلائے جانے کا حلف لیا اور یومِ آزادی پر وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کے خطاب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم فورم ملک کے اتحاد، سا لمیت اور ترقی کے لئے پُر عزم ہے۔