وزیراعظم محفوظ زچگی مہم میں نجی شعبے کے خواتین امراض کے ماہر ڈاکٹر شامل
01:41PM Tue 14 Mar, 2017
سنگین مرضوں سے متاثر حاملہ خواتین کیلئے ریڈہیلتھ کارڈ
بلاسپور، (بھٹکلی نیوز) چھتیس گڑھ کی اقتصادی راجدھانی بلاسپور ضلع میں شعبۂ صحت نے ماں بننے والی خواتین کی صحت سدھارنے کیلئے طبی نظام کو تین مرحلہ کا بنانے کا فیصلہ لیا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ اسپتال جانے سے پہلے ہی زچہ عورتوں کی صحت کا جائزہ لے کر سدھارا جاسکے گا۔ وزیراعظم محفوظ زچگی مہم کے تحت ایسی خواتین کو جانچ پرچی جاری کی جائے گی جو ماں بننے والی ہیں۔ اس میں بلڈ پریشر، خون کی کمی، کم وزن جیسے مسائل والی مریضوں کی پہنچان کی جائے گی۔ ایسی حاملہ عورتوں کو ڈلیوری سے پہلے جانچ کارڈ (ہائی رسک ماں) کی شکل میں ڈکلیئر کیا جائے گا۔ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت یہ پہل کی گئی ہے۔ سنگین امراض سے متاثرہ زچاؤں کو ریڈ ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ یہ کارڈ پرائمری ہیلتھ سینٹر جاری کرے گا،جس کی اطلاع ہیلتھ آفیسرسپراسپیشلسٹ اسپتال کے زچہ بچہ شعبہ کے ایمرجنسی کو دی جائے گی۔ اس کا مقصد زچہ بچہ اموات در میں کمی لانا ہے۔ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بھارت بھوشن نے بتایاکہ گزشتہ دنوں یہاں زچہ بچہ اموات در صوبہ کی در ایک لاکھ پر 221 سے بڑھ کر 261 ہوگئی تھی۔ اس کے پیش نظر زچہ بچہ کی صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ محفوظ ڈلیوری کیلئے بھی سب ہیلتھ سینٹروں میں ہیلتھ کارکنان کے ذریعہ حاملہ خواتین کا رجسٹریشن کیا جاتا ہے۔ اپریل2016 سے فروری2017 تک 13388حاملہ خواتین کا رجسٹریشن کیا گیا۔ ہر ماہ کی9تاریخ کو گائنی ڈاکٹر کے ذریعہ حاملہ عورتوں کی جانچ کا انتظام کیا جارہا ہے۔ ضلع میں 9 دسمبر 2016 سے 9؍مارچ 2017 کے دوران نجی شعبے کے گائنی ڈاکٹر مستقل طورپر مفت میں پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں اپنی خدمات دے رہے ہیں۔ اس میں یونیسیف کی تکنیکی مدد کے علاوہ صحت سے جڑی تنظیمیں شامل ہیں۔
آئی ایم اے (بلاسپور ریجن) کے صدر نیرج شرما نے کہاکہ حاملہ خواتین کے ساتھ ان کے خاندان والوں کو ہیلتھ جانچ کے تئیں بیدار کرنے کی اس مہم کے تحت کوشش کی جارہی ہے۔ فاکسی کی صدر اور سی آئی ایم ایس بلاسپور میں پروفیسر ڈاکٹر سنگیتا نے کہاکہ سرکاری پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں نجی شعبہ کے گائنی ڈاکٹروں کے ہر ماہ 9 تاریخ کو اپنی مفت خدمات دینے سے حالات میں بہتر آئی ہے۔ یونیسیف کی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سونالی ڈینئل نے کہاکہ آنگن واڑی، اے این ایم زچاؤں کو گھر پر ہی دوائیں دینے و جانچ کرانے کیلئے ہمت افزائی کررہی ہیں۔ اس کے مثبت نتائج دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ دہلی سے گئے صحافیوں کی ٹیم کی موجودگی میں بلاسپور کے ڈی ایم انب لگن پی نے ہری جھنڈی دکھاکر پرائیویٹ گائنی ڈاکٹروں کو ہیلتھ سینٹرس کیلئے روانہ کیا۔ وہیں ڈاکٹر الکا گپتا ڈپٹی ڈاکٹر ہیلتھ نے صحافیوں کو ضروری معلومات فراہم کی۔