اے ایم یو سرسید کے خوابوں کو تعبیر سے ہمکنار کرنے میں آگے بڑھ رہی ہے: جنرل ضمیر الدین شاہ
03:53PM Thu 23 Mar, 2017
علی گڑھ(بھٹکلیس نیوز)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سرسید احمد خاں کی دو صدسالہ تقریبات کے لئے تشکیل کردہ کمیٹی ’’ سرسیددو صد سالہ تقریبات کمیٹی‘‘کے زیرِ اہتمام یونیورسٹی کے اسٹریچی ہال میں منعقدہ اعزازی تقریب میں وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ( ریٹائرڈ) پرو وائس چانسلربرگیڈیئر سید احمد علی( ریٹائرڈ) پروچانسلر نواب ابنِ سعید خاں آف چھتاری اور اعزازی خازن پروفیسر حبیب الرحمن سمیت کمیٹی کے اراکین کو سرفرازکیاگیا۔اعزاز حاصل کرنے کے بعد وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ( ریٹائرڈ) نے کہا کہ اے ایم یو سرسید کے خوابوں کو تعبیر سے ہمکنار کرنے کی سمت میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ اور تمام کمیونٹی کو بھی سرسید کے تعلیمی مشن کو آگے بڑھانے کے لئے اپنی سرگرم حصہ داری انجام دینی چاہئے۔پرو وائس چانسلربرگیڈیئر سید احمد علی(ریٹائرڈ) نے کہا کہ وہ’’ سرسیددو صد سالہ تقریبات کمیٹی‘‘ کی تشکیل کے وقت سے ہی اس کمیٹی کے رابطہ میں ہیں اور انہوں نے پایا کہ یہ کمیٹی اپنے فرائض کی ایمانداری اور محنت ساتھ انجام دہی کر رہی ہے جو قابلِ ستائش ہے۔’’ سرسیددو صد سالہ تقریبات کمیٹی‘‘کے صدر پروفیسر اے آر قدوائی نے کہا کہ اے ایم یو کے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم نے سرسید کے نظریات اور ان کے مشن کو پوری ایمانداری کے ساتھ آگے بڑھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی وائس چانسلر کی قیادت میں ان کی حوصلہ افزائی پاکر اپنے مقاصد کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کر رہی ہے۔یو جی سی ایچ آر ڈی سینٹر کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر ڈاکٹر فائزہ عباسی نے کمیٹی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی کی تشکیل وائس چانسلر نے جون2015میں کی تھی اور اس کے تحت مختلف بیداری پروگرام، اشاعتی کام اور آؤٹ ریچ سرگرمیوں کا لائحۂ عمل تیار کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سال تک چلنے والی اس تقریب میں اے ایم یو کے سبھی شعبے، مراکز، اسکولس اور ہالس حصہ لے رہے ہیں۔ اس موقعہ پر اے ایم یو کے فائننس آفیسر پروفیسر ایس ایم جاوید اختر کے علاوہ کمیٹی کے سبھی اراکین کو وائس چانسلرا ور پرو وائس چانسلر نے سرفراز کیا۔پروگرام میں مرحوم پروفیسر کے اے نظامی کی کتاب علی گڑھ اور دینی تعلیم، اردو اکیڈمی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر راحت ابرار کی کتاب سرسید اور ان کے معاصرین اور سرسید پر فکر و نظر کے خصوصی شمارے کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ اس موقعہ پر وائس چانسلر کی اہلیہ محترمہ صبیحہ سیمی شاہ، پرو وائس چانسلر کی اہلیہ محترمہ رضوانہ علی کے علاوہ بڑی تعداد میں اساتذہ موجود تھے۔