بزمِ فانوسِ اردو کی جانب سے منعقدہ کامیاب نعتیہ مشاعرہ

03:59PM Mon 7 Aug, 2017

بنگلور:؍اگست(:بھٹکلیس نیوز ) بزمِ فانوس اردو کا ماہانہ غیر طرحی نعتیہ مشاعرہ بروز اتوار 6؍ اگست بعد نماز مغرب بمقام خانقاہِ مدنی روبرو شیواجی نگر پولیس اسٹیشن حضرت کمبلپوش روڈ کراس، ڈاکٹر افضل حسین قاسمی کی صدارت میں معقد ہوا ، قاری فضل الرحمٰن انجم ہاپوڑی صاحب نے تلاوتِ کلامِ پاک سے اس نعتیہ محفل کا آغاز کیا ، الحاج نیاز الدین نیاز اور انور عزیزؔ نے اپنے مخصوص انداز میں حمد باری تعالیٰ سنائے ۔ جناب جاوید اقبال نے بزبان انگریزی و پوربی میں نعتِ شریف کے گلہائے عقیدت نچھاور کئے ، منیر احمد جامیؔ نے تمام مہمانوں و شعرائے کرام کا استقبال کرتے ہوئے بزم فانوسِ اردو کی دو سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی ۔ محمد ہدایت اﷲ سکندر نائب مدیر روزنامہ ’’ سیاست‘‘ کی نظامت میں درجِ ذیل شعرائے کرام نے اپنا نعتیہ کلام سنا کر بارگاہِ رسالت مآب میں خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ قاری فضل الرحمٰن انجم ہاپوڑی، منیر احمد جامی ؔ ، شکیلء آذر کولار، نیاز الدین نیاز ، نذیر نصرت، انور عزیز ؔ ، اکرم اﷲ بیگ اکرم ، ابرار احمد ابرار ، ڈاکٹر نور قادری، رفعت آصفی، عبدالوہاب سردار دانش، اور ہدایت اﷲ سکندر ، حافظ سید احمد نے قمر قاسمی مرحوم کا نعتیہ کلام سنا کر داد حاصل کی ۔ آخر میں صدر مشاعرہ ڈاکٹر افضل حسین قاسمی نے اپنا کلام سنانے سے پہلے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ محفل قابل مبارکباد ہے جس میں نعتیہ کلام سننے کا موقع ملا ، ڈاکٹر صاحب نے شعرائے کرام کو مشورہ دیا کہ ایسی مجلسوں میں منتخب کلام سنایا جائے ، کیونکہ اکثر اوقات طویل کلام سنانے کے سبب اس میں موجود اچھے اشعار داد سے محروم ہو جاتے ہیں، اس مشاعرے میں حضرت قاری فضل الرحمنٰ انجم ہاپوڑی اور الحاج قاسم سہیل احمد قریشی بطور مہمانانِ خصوصی شریک رہے ۔جناب منیر احمد جامیؔ نے صدر مشاعرہ مہمانانِ خصوصی اور سامعین کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ کا مشاعرہ غزل کا ہوگا ۔ تمام شعرائے کرام سے شرکت کی گزارش کی ، اس طرح یہ کامیاب مشاعرہ رات 10.30 اختتام پذیر ہوا ۔