رشوت خور حکومت کو ہٹانے تک بی جے پی خاموش نہیں رہے گی: یڈیورپا

04:13PM Sat 19 Aug, 2017

بنگلور(بھٹکلی نیوز ):۔ بی جے پی کرناٹک یونٹ کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈ یورپا نے اعلان کیا کہ وہ سدارامیا کی رشوت خور حکومت کو ہٹانے تک خاموش نہیں رہیں گے اور اس کے خلاف اگلے اسمبلی انتخابات تک ریاست گیر احتجاج اور دھرنے جاری رہیں گے ۔انہوں نے فریڈم پارک سے ودھان سودھا تک نکالی گئی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کئی داغی وزراء کو ساتھ لیکر حکومت چلارہے ہیں اور سدارامیا کو چاہےئے کہ وہ داغی وزراء کو نکال کر ان کے خلاف فوجداری مقدمے دائر کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی کریں۔ محکمۂ انکم ٹیکس کے افسران نے وزیر برائے توانائی ڈی کے شیوا کمار۔ وزیر برائے چھوٹی صنعتیں رمیش جارکی ہولی۔رکن اسمبلی ایم این ناگراج اور وومن کانگریس کرناٹک یونٹ کی صدر لکشمی ہیبالکر اور دیگر کئی عوامی نمائندوں کی رہائش گاہ اور دیگر ٹھکانوں پر چھاپے مارکر غیر قانونی دولت اور دیگر اثاثوں کو رکھنے کا پتہ چلا ہے پھر بھی انکے خلاف ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ اس کے علاوہ حکومت نے سی آئی ڈی اور پولیس کا غلط استعمال کیا ہے۔ دو اعلیٰ پولیس افسران کلپابنڈی باغ اور ایم کے گناپتی نے خودکشی کرلی تھی اور اس کے لئے بنگلور ڈیولپمنٹ وزیر کے جے جارج کو ذمہ دار ٹہرایا گیا تھا۔ ان دونوں معاملات کی جانچ سی آئی کے ذریعہ کرائی گئی تھی اور دونوں معاملات میں بھی سی آئی ڈی نے جانچ کرکے جارج کو کلین چیٹ دی تھی۔اس کے بعد سابق وزیر ایچ وائی مین نے ایک مظلوم خانہ دار خاتون کی عصمت دری کی تھی اور اس معاملہ میں بھی میش کو کلین چیٹ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک زنانہ پولیس افسر پورنیما کے معاملہ میں بھی کسی بھی طرح کی جاچ کرانے کے ذریعہ اسے انصاف نہ مل سکا۔ اس لئے اس زنانہ پولیس افسر کو مجبور ہوکر استعفی دینا پڑا تھا۔اسی طرح حکومت نے کئی گھوٹالے اور بدعنوانیوں کو انجام دے کر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ سچ ہے کہ ا ن پر رشوت خوری کا الزام لگا کر 22دنوں کے لئے جیل بھیجا گیا تھا اور ضمانت پر رہا ہوئے تھے ۔ہائی کورٹ نے انہیں تمام الزامات سے بری کردیا ہے اور ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے وہ حکومت کے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں دوسری طرف بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ کو بھی ملزم قراردیا ہے۔ملک کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ نے امیت شاہ کو بھی تمام الزامات سے بری کیا ہے۔ پھربھی سدارامیا بی جے پی لیڈروں کو ملزم قرار دے رہے ہیں ۔خود سدارامیا کے فرزند یشیندر سدارامیا ۔ وزیر برائے تعمیرات عامہ ڈاکٹر ایچ سی مہا دیوپا کے فرزند سبھاش چندر کے خلاف بھی کئی معاملات درج ہوئے ہیں۔ اس ریالی میں سابق نائب وزرائے اعلیٰ آر اشوک ۔کے ایس ایشورپا۔ رکن پارلیمان شوبھا کرندالاجے ۔ اراکین اسمبلی سریش کمار۔ وجئے کمار۔ کئی کونسلرس اوردیگر لیڈروں نے شرکت کی تھی۔ اس ریالی سے آنند راؤسرکل ۔فریڈم پارک۔ کے آر سرکل تک ٹرافک جام رہا۔ ودھان سودھا کا محاصرہ کرنے اور زبردستی گھسنے کی کوشش کرنے پر کئی لیڈروں کو گرفتار کیا گیا اور پھر دوپہر میں رہا کردیا گیا۔