بلدی اداروں میں دس ہزار سے زائد اسامیاں خالی:قمر الاسلام
04:00PM Wed 25 Mar, 2015
بھٹکلیس نیوز/25مارچ،15
بنگلورو)نامہ نگار)ریاست کے بلدی اداروںمیں 10043 اسامیاں خالی ہیں،جن میں سے 2096 اسامیوں کی بھرتی کیلئے محکمہء مالیات نے منظوری دی ہے۔ یہ بات آج ریاستی وزیر برائے بلدی انتظامیہ اقلیتی بہبود واوقاف ڈاکٹر قمر الاسلام نے ریاستی لجسلیٹیو کونسل کو بتائی۔وقفہ سوالات میں کوٹا سرینواس کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ محکمہ مالیات کی طرف سے منظور شدہ اسامیوں کو جلد از جلد پر کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔مخلوعہ اسامیوں کو مرحلہ وار پر کرنے کی وزیر اعلیٰ سدرامیا کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی اداروں میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے کم از کم ایک ماہ درکار ہے، ایک ماہ کے اندر اس سلسلے میں مناسب کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں یکساں کام یکساں تنخواہ کے ضابطہ کے تحت روزانہ اجرت کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ دینے کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں۔
ع،ح،خ