اپنی نوعیت کے منفرد رابطہ تعلیمی ایوارڈ کا کل ہوگا انعقاد؛ محی الدین رکن الدین

02:51PM Thu 10 Aug, 2017

بھٹکلیس نیوز / 10 اگست، 17 بھٹکل / (رضوان گنگاولی) "بھٹکل کے ہونہار طلبہ کو دیا جانے والا رابطہ ایوارڈ اپنی نوعیت کا منفرد اور بچوں کی بھر پور ہمت افزائی کرنے والا لاجواب ایوارڈ ہے جو کہ کل انشاء اللہ بعد نماز عصر 04:30 بجے انجمن میدان میں منعقد ہوگا"۔ ان خیالات کا اظہار جناب محی الدین رکن الدین صاحب نے کیا وہ آج بعد نماز عصر رابطہ میں منعقد اخباری کانفرنس میں صحافیوں سے مخاطب تھے، انہوں نے ایوارڈ کی شروعات اور اس کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ 1996 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد ایس ایس ایل سی میں ہمارے طلبہ کے کم تعلیمی تناسب کو زیادہ کرنا اور ڈراپ اپ کو گھٹانا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے لئے تمام خلیجی جماعتوں نے سوچا اور طئے کیا کہ ایک تعلیمی ایوارڈ شروع کیا جائے جس سے طلبہ میں دلچسپی پیدا ہو۔ موصوف نے پہلے دیئے گئے ایوارڈ کی بات کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ کا پہلا ایوارڈ صرف ساٹھ فیصد لینے والوں کو دیا گیا تھا لیکن ہر سال  جیسے جیسے اس کی اہمیت بڑھتی گئی کامیابی کا تناسب بھی بڑھتا چلا گیا یہاں تک کہ خلیج میں طلبہ صد فیصد نمبرات بھی حاصل کرنے۔  اس کے علاوہ انہوں رابطہ کی طرف سے سول سرویس اور جرنلزم کے میدان میں طلبہ کو دینے والے تعاون کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے اس موقع پر رابطہ کے ایوارڈ کی تفصیلات بتائیں اور کہا کہ یہ ایوارڈ پچھلے پچیس سالوں سے دیا جارہا ہے، اس کی خصوصیت یہ ہے کہ پورا ایوارڈ صد فیصد سونے کا ہوتا ہے اور اس میں کوئی سونے کا پانی چڑھایا نہیں جاتا ہے۔ موصوف محی الدین صاحب نے کہا کہ پہلا ایوارڈ 8/ گرام اور دوسرا 6/گرام کا ہوتا ہے جبکہ تیسرا ایوارڈ 4/گرام کا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس پروگرام میں شرکت کرنے والے مہمانوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس میں ریاستی وزیر برائے اغذیہ جناب یوٹی قادر صاحب اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ قانون کے صدر ڈاکٹر شکیل صمدانی صاحب مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوں گے جب کہ اعزازی مہمان کی حیثیت سے رکن اسمبلی مسٹر منکال وئیدیا اور دیگر حضرات تشریف لائیں گے۔ اس موقع پر جناب محسن شابندری صاحب، جناب صادق پلور صاحب اور دیگر حضرات موجود تھے۔