گوا کابینہ میں ردوبدل، چار وزیر باہر

01:37PM Sat 13 Jul, 2019

پنجی: گوا کے وزیر اعلی پرمود ساونت نے آج کابینہ میں ردوبدل سے پہلے چار وزیروں کو ہٹادیا اور ان کی جگہ پر نئے وزیروں کو شامل کرلیا۔ حکومت کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ گورنر مردلا سنہا نے چار وزیروں وجے سرڈیسائی، روہن کھونٹے، ونداپالینکر اور جیئش سلگاونکر کو کابینہ سے ہٹانے سے متعلق وزیر اعلی کی سفارش کو تسلیم کرلیا اور یہ فوری طورپر نافذ ہوگا۔ سرڈیسائی، پالینکر اور سلگاونکر گوا فارورڈ پارٹی کے ممبراسمبلی ہیں جب کہ کھونٹے آزاد ممبر اسمبلی ہیں۔ دریں اثنا گوا اسمبلی کے نائب اسپیکر مائیکل لوبو نے استعفی دے دیا ہیں کلگٹ سے منتخب بی جے پی ممبراسمبلی لوبو نے تصدیق کی ہے کہ وہ ساونت حکومت میں وزیر کے طورپر شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیلئی گاو ں سے منتخب ممبر اسمبلی جنیفر موسریٹے بھی وزیر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ ذرائع کے مطابق دو دیگر ممبران اسمبلی چندر کانت کاولیکر اورفلپ روڈرگز بھی وزیر کے عہدہ کا حلف لیں گے۔ گوا اسمبلی کے اسپیکر راجیش پاٹنیکر نے کہا کہ لوبو کا استعفی منظور کرلیا گیا ہے۔ اس سے پہلے وزیر اعلی نے چاروں وزیروں کو استعفی دینے کے لئے کہا تھا لیکن ان کے انکار کردینے پر انہوں نے کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔