مرکز نظام الدین کے اجتماع سے لوٹے اترکینرا ضلع کے سبھی افراد کی رپورٹ کورونا نگیٹیو نکلی
02:25PM Fri 3 Apr, 2020
کاروار: 3 اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) مرکز نظام الدین کے اجتماع کے بعد ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن سے کئی افراد مرکز میں ہی پھنس کر رہ گئے تھے اور دو روز قبل معاملہ طول پکڑںے کے بعد وہاں رہ رہے لوگوں کی جانچ کی گئی تھی جس میں سے چند افراد میں کورونا پوزیٹیو کی خبریں موصول ہوئی تھی۔
اس خبر کے بعد سے اجتماع میں شرکت کرنے والوں کی جانچ شروع ہوگئی تھی جس کے تحت ضلع اتر کینرا میں اجتماع سے لوٹے آٹھ افراد کی بھی جانچ کی گئی جس کے بعد ان سبھوں کی رپورٹ منفی پائی گئی۔
قابل ذکر ہے کہ نظام الدین واقع تبلیغی جماعت کا مرکز عالمی شہرت یافتہ مرکز ہے، اس لئے پورے سال ملک سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے لوگ یہاں آتے رہتے ہیں۔ ان کا اہم کام لوگوں کو اسلام کی تعلیم کی صحیح معلومات اور اس کے حساب سے زندگی گزارنے کے لئے حوصلہ افزائی کرنا بتایا جاتا ہے۔ تبلیغی جماعت میں شامل ہونے والے لوگ پہلے نظام الدین مرکز آتے ہیں اور یہاں مختلف گروپ میں ملک کے مختلف حصوں یا بیرون ملک بھیجے جاتے ہیں، اس میں شامل ہونے والے لوگ تین دن یا 40 دن یا چار مہینے اسلام کے کاموں میں لگاتے ہیں۔ یہاں سے تبلیغ پر جانے والے لوگ جس علاقے میں جاتے ہیں وہاں کی مساجد میں ٹھہر کر محلہ کے لوگوں کو نماز میں شامل ہونے کے لئے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ اس دوران یہ لوگ اپنے کھانے پینے کی اشیا ساتھ لے کر چلتے ہیں اور مسجد میں ہی کھانا بنا تے ہیں۔