شہر ٹمکور کو اسپورٹس سٹی بنانے کی راہ میں دوسرا قدم

02:08PM Sun 9 Jul, 2017

کے یم سی سی ٹمکور ڈسٹرکٹ اسپورٹس ونگ کی جدوجہد  ٹمکور: (بھٹکلیس نیوز) شہر ٹمکورکو اسپورٹس سٹی کے طور پر شناخت دلانے کے سلسلہ میں جناب نوید بیگ سابق وقف اڈمنسٹریٹر ٹمکور کی قیادت میں ڈسٹر کٹ کمشنر کی آفس پہنچ کر اپنے مطالبات ڈسٹرکٹ کمشنر کے ذریعہ اسپورٹس منسٹری کو روانہ کئے، اس وفد میں کے یم سی سی ٹمکور ڈسٹر کٹ اسپورٹس ونگ کے ضلعی صدر جناب سید رحمت اللہ صاحب (عرف چھوٹو) ، وائس پریسیڈنٹ سی یم نور اللہ، سکریٹری محمد آصف اللہ، جائنٹ سکریٹری تاج الدین شریف، سٹی پریسیڈنٹ محمد اشتیاق عرف بابو سٹیل ، جائنٹ ڈائرکٹر آف پبلک انسٹرکشن نجیب اللہ خان اور اڈوکیٹ ٹی رامیا، شیلاناگراج اور ڈی ٹی چندر شیکھر وغیرہ موجود تھے۔ شہر ٹمکور کو اسپورٹس سٹی بنانے کی کچھ خاص وجوہات ہیں مثلاً، شہر ٹمکور کرناٹک ہی میں نہیں بلکہ پورے ہندوستان میں عصری تعلیم کے مرکز کے نام سے جانا جاتا ہے ، زراعت کے شعبہ میں بھی ٹمکور نے اپنا ایک نام بنایا ہے ، کرناٹک کی راجدھانی سے قریب ہونے کی وجہ سے بھی اس شہر کی ترقی کی راہیں ہموار ہیں اس شہر سے تین ہائی ویز ہوکر گزرتی ہیں ، انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے بھی شہر ٹمکور قریب ہے ، بہت سی تاریخی جگہوں کی موجودگی اس شہر اور ضلع کی رونق میں اضافہ کرتی ہے ، مدھوگری میں ایشیاء کی سب سے بڑی چٹان والا پہاڑ موجود ہے ، سرا شہر بہت سی تاریخی عمارتوں سے بھرا ہوا ہے ، نامداچلمے دیورائن درگہ جنگلات سے گھرا ہواہے ۔ شہر ٹمکور کے لوگ ملنسار ہوتے ہیں اور فطری طور پر کھیل جذبہ رکھنے والے لوگ ہیں ، یہ جذبہ بھی شہر ٹمکور کو اسپورٹس سٹی کا درجہ دئیے جانے میں معاون ہے ۔ نوید بیگ نے آگے چل کر یہ بتا یا کہ ہم نے سابق اسپورٹس منسٹر ابھئے چند جین کے سامنے یہ مطالبہ رکھا تو انہوں نے اس مطالبہ کو پورا کرنے کے سلسلہ میں پوری دلچسپی کا اظہار کیااور مثبت رویہ اپنایا ، لیکن افسوس کہ ان کا قلمدان تبدیل ہوگیا اور اسپورٹس منسٹری ایشور بی کھنڈرے کو سونپ دی گئی ، لہذا ہم لوگوں نے ڈسٹرکٹ کمشنر کے ذریعہ دوسری مرتبہ اپنا مطالبہ پیش کیا اور ڈی سی صاحب سے یہ مطالبہ کیا کہ یہ درخواست قوی سفارش کے ساتھ اسپورٹس منسٹری کو پیش کریں، نجیب اللہ خاں صاحب نے کہا کہ ٹمکور شہر کو اسپورٹس سٹی بنانے کے لئے چند چیزوں کا مہیا کرانا ازحد ضروری ہے ، لہذا ڈسٹرکٹ یوتھ سرویس دفتر کی جانچ کی بنیاد پر حسب ذیل مطالبات ترتیب دئے گئے ہیں۔ ۱۔ انٹرنیشنل فٹ بال اسٹیڈیم۔ ۲۔ سنتھیٹک ٹراک ۳۔ بین الاقوامی درجہ کا سوئمنگ پول ۴۔ انٹرنیشنل درجہ کا کرکٹ اسٹیڈیم جس میں بین الاقوامی مقابلہ کرانے کی صلاحیت ہو۔ ۵۔ سکیٹنگ گراؤنڈ ۶۔ والی بال کورٹ۔ ۷۔ جِمنازیم ۸۔ کشتی اکھاڑا ۹۔ اِنڈور اسٹیڈیم جس میں شٹل ، بیڈ منٹن وغیرہ کے مقابلے منعقد کئے جاسکیں گے ۔ نوید بیگ نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس کی ترقی سے قوم میں صحت وتندرستی کے سلسلہ میں بیداری پیدا ہوگی ، جب ساری قومیں کھیل جذبہ کے ساتھ ایک جگہ جمع ہوتی رہیں گی تو سیکولرزم کو فروغ حاصل ہوگا، سماج میں ان چیزوں کو فروغ دینے کے سلسلہ میں کے یم سی سی ٹمکور اسپورٹس ونگ کرناٹک بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہا ہے اور ان مطالبات کے پورا ہونے تک اور ٹمکور کو اسپورٹس سٹی بنائے جانے تک مہم جاری رہیگی۔