نایاب نظارہ: عطارد، زمین اور سورج ایک قطار میں

12:23PM Mon 9 May, 2016

پیرس: ماہرینِ فلکیات ایک ایسے لمحے کے لیے پرجوش ہیں، جب سورج، سیارہ عطارد اور زمین ایک دوسرے کے بالکل سامنے آجائیں گے، یہ لمحہ ایک صدی میں کچھ ہی مواقعوں پر آتا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عطارد کو دوربین کے ذریعے دیکھا جائے گا جو ایک کالے دھبے کی طرح آسمان پر واضح ہوگا اور اگر موسم بہتر اور آسمان صاف رہا تو یہ نظارہ ساڑھے7 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ پیرس کی آبزرویٹری سے تعلق رکھنے والے ماہر فلکیات پاسکل ڈیسکیمپس کا کہنا تھا کہ ابتداء میں ایسا محسوس ہوگا جیسے سیارہ عطارد، سورج کے کونے میں گھوم رہا ہے اور آہستہ آہستہ وہ دوسری جانب چلا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت نایاب موقع ہے جس کے لیے سورج، عطارد اور زمین کا ایک ہی قطار میں ہونا لازمی ہے۔