ایس آئی او کرناٹک نے شروع کی مادری زبان میں تعلیم کی ریاست گیر مہم
12:36PM Tue 14 Jun, 2016
گلبرگہ۔ ایس آئی او کرناٹک نے مادری زبان میں تعلیم کے موضوع پر ریاست گیر مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس ضمن میں ایس آئی او نے ایک کتاب کا بھی اجرا کیا۔ ایس آئی او کے ذمہ داران کے مطابق کتاب میں مادری زبان میں تعلیم کی اہمیت اوراس کے دوررس نتائج پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ ایس آئی او کا کہنا ہے کہ دانستہ طور پر ایک لابی ملک سے مادری زبان میں تعلیم کے کلچرکو ختم کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے۔ ایس آئی او کے مطابق ، بالواسطہ طور پر حکومت بھی اس لابی کے آلہ کار کے طور پر کام کر رہی ہے۔
غیر مادری زبان کے بڑھتے کلچر پر ایس آئی او نے تشویش کا اظہارکیا ہے۔ ایس آئی او کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم ان کی مادری زبان میں دیئے جانے کے حق میں ہے۔ اس ضمن میں تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی ایس آئی او نے مادری زبان میں تعلیم کے نام سے ریاست گیرمہم کا آغاز کیا ہے۔
اس ضمن میں ایس آئی او کے ذمہ داران نے گلبرگہ میں ایک کتاب کا بھی اجرا کیا۔ ذمہ داران کے مطا بق کتاب میں اعداد و شمار کے حوالے سے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ مادری زبان اور غیر مادری زبان میں تعلیم پانے والے طلبا کی ترقی کا تناسب کیا ہے۔
ریاست گیر مہم کے دوران والدین کے روبرو مادری زبان میں تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی جائے گی۔ ڈی ایڈ اور بی ایڈ طلبا میں اس کے لیے بیداری پیدا کی جائیگی۔