ریلوے بجٹ کرناٹک کیلئے مایوس کن، قائدین کا ردعمل

04:03PM Thu 26 Feb, 2015

بھٹکلیس نیوز/26فروری،15 بنگلورو(ایجنسی) آج لوک سبھا میں مرکزی وزیر ریلویز سریش پربھو کی طرف سے پیش کردہ ریلوے بجٹ کو ریاست کے سرکردہ سیاسی قائدین نے کرناٹک کے حق میں بے سود اور مجموعی طور پر غیر حقیقت پسندانہ قرار دیا۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں حکومت کے قیام کے بعد سے بین الاقوامی بازاروں میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں۔لیکن اس کے باوجود مسافر کرایوں میں کمی کی کوئی بات بجٹ میں نہیں کہی گئی۔یہ تبصرہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بجٹ پر اپنے ردعمل میں کیا۔انہوں نے کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے وزارت ریلویز کو سالانہ 18تا20ہزار کروڑ روپیوں کی بچت ہوگی۔ اس بچت کا فائدہ عام مسافروں کو پہنچنا چاہئے تھا، لیکن بجٹ کو دیکھنے کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ عام مسافر کی نقطہ نظر سے یہ تجاویز انتہائی مایوس کن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوراً بعد حکومت کرناٹک نے بس کرایوں میں کمی لاکر اس کا فائدہ عام آدمی تک پہنچایا ہے۔ یہی طریقہ کار وزارت ریلویز کو بھی اپنانا چاہئے تھا۔ بجٹ میں کسی نئی ریل گاڑی کا اعلان نہ کئے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ یہ مرکزی حکومت کی ناکامی کا مظہر ہے۔ پچھلے بجٹ میں سدانند گوڈا نے محکمئہ ریلویز کی نج کاری کا اشارہ دیاتھا، اسی سلسلے کو مسٹر سریش پربھو نے آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست جن زیر التواءریلوے پراجکٹوں کی تکمیل کا پچھلے بجٹ میں اعلان کیا گیا تھا، وہ اس بجٹ میں ندارد ہے۔ سدانند گوڈا نے 24 نئی ریل گاڑیوں کا اعلان کیا تھا،لیکن ان میں سے آدھی سے زائد گاڑیاں شروع نہیں ہوئیں۔ بنگلور میسور ہائی اسپیڈ ریل گاڑی کا بجٹ میں تذکرہ ہوا تھا، جو اس بار غائب ہے۔ ڈاکٹر جی پرمیشور:کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے ریلوے بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایندھن کی قیمتوں میں بھاری کمی کے باوجود اس کا فائدہ عام مسافر کو پہنچانے کی بجائے ، ریلویز نے صرف منافع پر توجہ دی ہے۔ کرناٹک کیلئے اس بجٹ میں کسی نئے منصوبے کا اعلان نہیں کیا گیا، اور ساتھ ہی موجودہ منصوبوں کو بروقت تکمیل کے متعلق بھی کچھ نہیں کہاگیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ریاست کے تمام مرکزی وزراءاور اراکین پارلیمان کو چاہئے کہ اس سلسلے میں مرکزی وزیر ریلویز پر دباؤ ڈالے۔ ایچ ڈی کمار سوامی:سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی نے کہاکہ ریلوے بجٹ میں کرناٹک کیلئے کچھ بھی نہیں ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ملک کے تمام علاقوں کی طرف توجہ دینے اور انصاف سے کام لینے کا جو وعدہ کیاتھا، ریلوے بجٹ میں اسے فراموش کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد سے مرکزی حکومت نے مسلسل کرناٹک کو نظر انداز کررکھا ہے۔ صرف اسی وقت جبکہ دیوے گوڈا وزیر اعظم تھے، کرناٹک کیلئے آٹھ تا دس ریلوے منصوبے منظور کئے گئے ، ان کو بھی عملی جامہ پہنانے میں بعد کی مرکزی حکومتیں ناکام رہیں۔ مرکز نے آج جو ریلوے بجٹ منظر عام پر لایا ہے، اس سے ظاہر ہوتاہے کہ کرناٹک کے ساتھ سوتیلا سلوک برقرار ہے۔