کرناٹک : پھونک پھونک کر قدم بڑھا رہی کانگریس ، اب بھی ریزارٹ میں ہی قیام پذیر ہیں سبھی ممبران اسمبلی
12:28PM Sun 20 May, 2018
Share:
بنگلورو : بی ایس یدی یورپا نے ہفتہ کو اسمبلی میں فلور ٹیسٹ سے عین قبل استعفی کا اعلان کرتے ہوئے سب کو چونکا دیا ۔ بہر حال یدی یورپا کے اس قدم کے بعد جے ڈی ایس اور کانگریس نے اتحادی حکومت بنانے پر غور وخوض شروع کردیا ہے۔ جے ڈی ایس لیڈر کمار سوامی بدھ کو وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لینے کے 24 گھنٹے کے اندر ہی ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کا ارادہ بنارہے ہیں۔ وہیں کانگریس اپنے سبھی ممبران کو ابھی تک بنگلورو کے باہر واقع ایک ریزارٹ میں ہی رکھے ہوئی ہے۔
کمار سوامی پہلے پیر کو حلف لینے والے تھے ، مگر اسی دن راجیو گاندھی کی 27 ویں برسی ہونے کی وجہ سے جے ڈی ایس نے اس کو بدھ تک کیلئے ملتوی کردیا ہے۔ قبل ازیں کمار سوامی نے ہفتہ کو شام میں گورنر سے ملاقات کی اور حکومت سازی کا دعوی پیش کیا ۔ اب وہ پیر کو دہلی روانہ ہوں گے ، جہاں کانگریس صدر راہل گاندھی اور ان کی والدہ سونیا گاندھی سے وہ ملاقات کریں گے۔
کانگریس - جے ڈی ایس اتحاد نے 117 ممبران اسمبلی کی حمایت کا دعوی کیا ہے۔ غور طلب ہے کہ کرناٹک اسمبلی میں 224 سیٹیں ہیں ، جس میں سے 222 سیٹوں پر اس مرتبہ الیکشن ہوا ہے ۔ وہیں دو اسمبلی سیٹوں پر الیکشن بعد میں ہوں گے ۔ ادھر کمار سوامی نے دو سیٹوں پر جیت درج کی ہے ۔ ایسے میں انہوں نے چنپٹنہ سیٹ اپنے پاس رکھی ہے اور رام نگر سیٹ خالی چھوڑ دی ہے۔