ریاستی حکومت اعلیٰ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کرناٹکا اوپن یونیورسٹی کا نوکیشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر گورنر کا خطاب
04:55AM Sun 2 Dec, 2018
میسور:یکم ؍ دسمبر (سالارنیوز) ریاستی حکومت معیاری تعلیم فراہم کرنے کے مقصد سے تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولتیں مہیا کررہی ہے۔طلباء ان سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اعلیٰ اور معیاری تعلیم حاصل کریں۔ان خیالات کا اظہار ریاستی گورنر واجو بھائی راؤدا بھائی والا نے کیا ہے۔شہر میں آج 18.5؍ کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے کرناٹکا اسٹیٹ اوپن یونیورسٹی کا نوکیشن سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ریاست کی مخلوط حکومت تعلیم کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس یونیورسٹی میں وائس چانسلر کی تعیناتی اور یونیورسٹی کی منظوری کا مسئلہ درپیش تھا جس کی وجہ سے یہ یونیورسٹی 4؍ سال کے لئے بند کردی گئی تھی۔ریاستی گورنر نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اس وقت کے وائس چانسلر نے گورنر دفتر کو اس سلسلے میں ایک بھی مکتوب روانہ نہیں کیا تھا، لیکن یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر پوری ذمہ داری کے ساتھ تمام مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہو ں نے یونیورسٹی کے مسائل سے ریاستی حکومت اور گورنر دفتر کو باخبر کیا ہے۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت اور گورنر دفتر سے لگاتار رابطہ کئے ہوئے ہیں۔بات چیت کے ذریعہ مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہو ں نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی )سے یونیورسٹی کے لئے منظوری حاصل کرنے کے لئے گورنر دفتر سے رابطہ کیا ہے۔انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر شیو لنگپا کی ستائش کرتے ہوئے بتایا کہ انہو ں نے کرناٹکا اوپن یونیورسٹی کے 75؍ فیصد مسائل حل کرلئے ہیں اور امید جتائی کہ بقیہ 25؍فیصد مسائل بھی جلد حل کرلئے جائیں گے۔انہوں نے طلباء سے کہا کہ انہیں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے ، کیونکہ وائس چانسلر یونیورسٹی کے مسائل حل کرنے کے لئے گورنر دفتر سے مسلسل رابطے میں ہیں۔انہو ں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی ساری توجہ تعلیم حاصل کرنے پر مرکوز کریں۔ریاستی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے پوری کوشش کررہی ہے۔اس سلسلے میں حال ہی میں ریاستی حکومت نے ریاست کے تمام یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا اجلاس طلب کرنے کا پروگرام بنایا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر وبرائے اعلیٰ تعلیم جی ٹی دیوے گوڈا نے بتایا کہ یونیورسٹی کانوکیشن سنٹر کی تعمیر کا سہرا وائس چانسلر ڈاکٹر شیولنگپا کے سرجاتا ہے۔انہیں کی کاوشوں سے یہ شاندار عمارت تعمیر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم سے محروم طلباء کے لئے کرناٹکا اوپن یونیورسٹی معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے۔نوجوان اس ملک کا اصل سرمایہ ہیں انہیں معیاری تعلیم فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔طلباء کو چاہئے کہ وہ تمام سہولتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔