فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیل کے ساتھ سبھی سرکاری تعلقات معطل کئے

02:14PM Sat 22 Jul, 2017

یروشلم۔ (یو این آئی) فلسطین کے صدر محمود عباس نے یروشلم کے ایک مقدس مقام کے قریب اسرائیلی سیکورٹی فورسز کی طرف سے لگائی گئی بندش کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ سبھی سرکاری تعلقات معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ مسلم اور یہودی کمیونٹی کے لوگوں کے لئے مقدس مقام تصور کئے جانے والے الحرم القدسی شریف کے پاس میٹل ڈیٹیکٹر لگائے جانے کے قدم کی فلسطین نے مخالفت کی ہے۔ جس پر جمعہ کو فلسطین اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ اس جھڑپ میں تین لوگوں کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ مسٹر عباس نے ٹیلی ویژن پر نشر اپنی ایک تقریر میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصی کے قریب کئے گئے سیکورٹی چیک کے انتظامات غیر قانونی ہیں اور انہیں فوری طور پر ہٹایا جانا چاہیے۔