بھٹکل میں کل سے کھل رہی ہیں مسجدیں: حکومت کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہورہی ہے بھر پور تیاری

12:12PM Mon 8 Jun, 2020

بھٹکل: 9 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ہندوستان بھر میں آج جہاں کنٹینمنٹ زون نہیں ہیں وہاں مسجدیں نمازیوں کے لیے کھول دی گئیں ہیں جہاں مسلمان پورے خشوع و خضوع کے ساتھ حکومت کی ہدایتوں پر عمل کرتے ہوئے نماز ادا کر رہے ہیں۔ وہیں بھٹکل میں 8 جون تک کنٹینمنٹ زون کے قوانین لاگو رہنے سے یہاں 9 جون بروز منگل سے مسجدوں کو تمام نمازیوں کے لیے کھولنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس سے قبل یہاں دو دن سے بھٹکل کی اکثر مساجد میں صاف صفائی کا اہتمام کیا جارہا ہے اور سماجی دوری برقرار رکھنے کے لیے جامع مسجد، خالد بن ولید مسجد اور دیگر مساجد میں نشانات بھی لگائے گئے ہیں۔ بھٹکل کی قدیم جامع مسجد کے باہر حکومت کی جانب سے دی گئی ہدایات کو لکھتے ہوئے نمازیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان تمام ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہوں۔ تقریبا ڈھائی مہینے کے بعد بھٹکل میں عام مسلمان پھر ایک بار اللہ کے گھر کا رخ کر رہے ہیں اور انہیں پھر ایک بار اللہ کے گھر میں اپنا ماتھا ٹیکنے کی سعادت حاصل ہورہی ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔