دہلی اسمبلی میں بی جے پی ممبراسمبلی نے امانت اللہ خان کو کہا "دہشت گرد"۔
01:23PM Mon 6 Aug, 2018
بی جے پی ممبراسمبلی اوم پرکاش شرما نے عام آدمی پارٹی کے ممبراسمبلی امانت اللہ خان کو دہشت گرد کہا ہے۔ او پی شرما نے دہلی اسمبلی میں اجلاس کے پہلے روزہی آج بحث کے دوران کئی قابل اعتراض الفاظ کہے۔ انہوں نے اس دوران غیر پارلیمانی الفاظ کا بھی استعمال کیا۔
وشواس نگر اسمبلی حلقہ سے بی جے پی ممبراسمبلی اوم پرکاش شرما ایوان میں بجلی پانی اور نالے کی پریشانی پر بول رہے تھے۔ اسی دوران امانت اللہ خان نے کچھ کہہ دیا۔ اس پر اوپی شرما نے امانت اللہ سے کہا کہ "دہشت گردوں کی طرح بات مت کر، آدمی کی طرح بات کر"۔
اوم پرکاش شرما نے کئی باریہی بات دوہرائی اوراس کے بعد ایوان سے باہر چلے گئے۔ اسمبلی میں ان کے اس بیان کے بعد ہنگامہ ہوگیا۔ اسپیکرنے "دہشت گرد" لفظ کو کارروائی سے حذف کرنے کے لئے خصوصی استحقاق کمیٹی کے پاس بھیج دیا ہے۔
عام آدمی پارٹی نے ٹوئٹرپرایک ویڈیو شیئرکرتے ہوئے لکھا "آپ ممبراسمبلی امانت اللہ خان کو ایوان میں دہشت گرد کہا گیا، کیا بی جے پی ایسی گھٹیا سوچ کے ساتھ نیو انڈیا بنائے گی"؟