وکیل بمقابلہ دلی پولیس: روہنی کورٹ میں وکیلوں کا ہنگامہ، ایک نے کی خودکشی کی کوشش
03:40PM Wed 6 Nov, 2019
نئی دہلی۔ دہلی میں پولیس کے خلاف کارروائی کو لے کر وکیل کورٹ احاطے میں دھرنا دے رہے ہیں۔ وہیں، پولیس کے خلاف کورٹ کے باہر احتجاج کر رہے ایک وکیل نے اپنے اوپر مٹی کے تیل جیسی کوئی چیز ڈال کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ وکیل کی مانیں تو اس نے اپنی عزت نفس کے لئے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ اس وکیل کا کہنا ہے کہ دلی پولیس دلی کے وکیلوں کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وہیں، ساکیت کورٹ احاطے میں ایک وکیل عمارت پر چڑھ گیا ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ اگر اس کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے ہیں تو وہ عمارت سے کود کر اپنی جان دے دے گا۔
بتا دیں کہ دہلی کے سبھی عدالتی احاطوں کے باہر آج وکلا دلی پولیس کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پٹیالہ ہاوس کورٹ کے باہر وکیل پولیس کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ روہنی کورٹ کے باہر بھی وکیلوں کا دھرنا جاری ہے۔ وہیں ساکیت کورٹ کے باہر کوریج کرنے گئے صحافیوں کے ساتھ دھرنا دے رہے کچھ وکیلوں نے بدسلوکی کی ہے۔
کورٹ احاطے میں دھرنا دے رہے وکیلوں نے ساکیت کورٹ کا گیٹ بند کر دیا ہے۔ اس کے مدنظر لوگ کورٹ احاطے میں پہنچ نہیں پا رہے ہیں۔ ایسے میں پیشی میں پہنچے لوگوں نے وکیلوں کی مخالفت کی ہے۔ اس سے عوام اور وکلا کے درمیان ٹکراؤ جیسے حالات بن گئے ہیں۔ پیشی پر آئے لوگوں کا کہنا ہے کہ آج ان کے کیس کی اہم سماعت تھی جو وکیلوں کے دھرنے کی وجہ سے نہیں ہو پا رہی ہے۔ مزید برآں، یہ کہ وکیل ان کو کورٹ احاطے میں جانے نہیں دے رہے ہیں۔