پانچ فریقوں نے آج بابری مقدمہ میں نظرثانی کی اپیل داخل کی
02:38PM Fri 6 Dec, 2019
نئی دہلی: 6 دسمبر،2019 (پریس ریلیز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی بابری مسجد کمیٹی کے کو-کنوینر ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس نے پریس کو بتایا کہ بورڈ کی کوشش سے آج بابری مسجد کیس کے 5 فریقوں نے سپریم کورٹ میں نظرثانی (Review Petition) کی درخواست داخل کردی ہے۔ یہ درخواستیں اس کیس کے فریق مصباح الدین اور مولانا محفوظ الرحمٰن کی طرف سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ جناب شکیل احمد سید نے، محمد عمر کی طرف سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ارشاد احمد نے اور مفتی حسب اللہ کی طرف سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ایم آر شمشاد اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈ فضیل احمد ایوبی نےداخل کیں ہیں۔ ان ریویو پٹیشنز کو سینئر ایڈوکیٹ ڈاکٹر راجیو دھون اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے سیکریٹری و سینئر ایڈوکیٹ جناب ظفریاب جیلانی نے فائنل کیا اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈز نے اسے سپریم کورٹ میں داخل کیا۔ بورڈ کے جنرل سیکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے نظرثانی کی ان درخواستوں کے وقت مقررہ کے اندر داخل ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیا اوراطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے محترم ڈاکٹر راجیو دھون و دیگر سینئر وکلاء اور ایڈوکیٹ آن ریکارڈز کا شکریہ بھی ادا کیا کہ انہوں بڑی محنت و جانفشانی سے نظر ثانی کرکے ان درخواستوں کو تیار کیا۔ مولانا نے توقع ظاہر کی کہ عدالت عظمٰی ان درخواستوں کو قبول کرکے ان میں موجود اہم نکات پر از سرِنو بحث کا آغاز کرے گی۔