چین سے کشیدگی پر وزیر اعظم مودی کی اعلی سطحی میٹنگ ، این ایس اے ، سی ڈی ایس اور تینوں افواج کے سربراہوں کی شرکت
02:13PM Tue 26 May, 2020
لداخ میں واقع حقیقی کنٹرول لائن پر چین کی جانب سے سرحدی تنازع کو لے کر جاری رسہ کشی کے درمیان وزیر اعظم مودی نے منگل کو ایک اعلی سطحی میٹنگ کی ۔ اس میٹنگ میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور تینوں افواج کے سربراہوں نے شرکت کی ۔ وزیر اعظم مودی نے اس میٹنگ سے الگ خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا سے بھی ملاقات کی اور اس معاملہ پر بات چیت کی ۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم کی اعلی سطحی میٹنگ سے قبل وزیر دفاع راجناتھ سنگھ بھی سی ڈی ایس جنرل راوت اور تینوں افواج کے سربراہان کے ساتھ میٹنگ کرچکے ہیں ۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو فوجی سربراہ جنرل ایم ایم نرونے نے اس معاملہ کے بارے میں پوری جانکاری دی ۔ وہ دو دن پہلے ہی لیہہ کا دورہ کرکے لوٹے ہیں ۔ اس کے بعد یہ جانکاری ملی ہے کہ راجناتھ سنگھ نے فوجیوں کی تعیناتی پر سوالات پوچھے اور چین کے ذریعہ پیدا کی گئی کشیدگی کے خلاف ہندوستانی فوج کو پورا تعاون دینے کی یقین دہانی کرائی ۔
بتادیں کہ لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن کے پاس پینگونگ سوجھیل اور گلوان وادی میں چین کی فوج تیزی سے اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھا رہی ہے اور اس کے ذریعہ یہ پیغام دینے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ ہندوستانی فوج کے ساتھ ٹکراو کے حالات جلد ختم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ ایسے میں ہندوستان بھی چین کو کرارا جواب دے رہا ہے ۔ ہندوستان نے بھی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر فوجیوں کی تعداد بڑھا دی ہے اور نگرانی بھی سخت کردی ہے ۔