شرابی شوہر سے دل برداشتہ خانہ دار خاتون نے بیٹی کا قتل کرکے خودکشی کرلی

01:34PM Sun 9 Jul, 2017

بنگلور( بھٹکلیس نیوز ):۔ کیمپے گوڈا پولیس تھانہ کی حدود میں ایک خانہ دار خاتون نے شرابی شوہر کے ظلم سے دل برداشتہ ہوکر اپنی پانچ سالہ بیٹی کا قتل کرنے کے بعد خود پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔ اس سلسلہ میں پولیس معاملہ درج کرکے جانچ کررہی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ کے جی دتاتریا لے آؤٹ دوسرا مین روڈ کے رہنے والے سندیپ کمار کی بیوی 28سالہ منگلا دیوی نے کل رات پانچ سالہ بیٹی سندھی کاگلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد خود بھی پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ سندیپ کمار کل رات دوسری شفٹ میں کام ختم کرکے گھر لوٹا اور کال بیل بجائی تو اندر سے کوئی آواز نہ آنے پر اس نے کھڑکی کے ذریعہ نظرڈالی تو اندر کمرے میں منگلا دیوی کی لاش پنکھے سے جھول رہی تھی ۔اطلاع ملنے پر پولیس موقعہ واردات پر پہنچ کر مکان کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئی۔اندر منگلا دیوی نے پھانسی لگاکر خودکشی کرلی تھی اور اس نے بیٹی کا بھی گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا۔ منگلا دیوی نے خودکشی کرنے سے قبل ایک خط لکھ چھوڑا ہے جس میں منگلا دیوی نے کہا کہ وہ شوہر کے ظلم سے برداشتہ ہوکر خودکشی کررہی ہے اور اس کا شوہر اس کی وفاداری پر شک کرتے ہوئے اس کی پٹائی بھی کرتا تھا۔ پولیس نے سندیپ کمار کو گرفتار کرلیا ہے۔