سبریمالا مندر : گالیاں سنیں ، حملے جھیلے ، مگر ہڑتال کی رپورٹنگ کرتی رہی یہ خاتون کیمرہ پرسن ، فوٹو وائرل

04:00PM Thu 3 Jan, 2019

کیرالہ کے سبریمالا مندر میں دو خواتین کے داخل ہونے کے خلاف ہندو تنظیموں کے بلائے گئے ہڑتال کے دوران جمعرات کو بڑے پیمانے پر تشدد کے واقعات رونما ہوئے ۔ ہڑتال کے دوران رپورٹنگ کررہے میڈیا اہلکاروں پر بھی حملے کئے گئے ۔ اس واقعہ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ کیرالہ کے اخبار ماتربھومی نے ایک خاتون کیمرہ پرسن کی تصویر شائع کی ہے۔ شاجلہ عبدا لرحمان نام کی اس کیمرہ پرسن پر ہڑتال کے دوران حملے کئے گئے، اس کے باوجود وہ کام پر ڈٹی رہی ۔ چہرے پر اس کے درد کو صاف طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ اس واقعہ کے بعد اپنے آنسووں کو چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے شاجلہ نے کہا کہ جب مجھے کسی نے پیچھے سے مارا تو میں حیران رہ گئی ۔ یہ میرے پروفیشنل کیرئیر کا سب سے برا تجربہ تھا ۔ ہڑتال کی رپورٹنگ کرنے کیلئے آئی شاجلہ کو لوگوں نے گالیاں اور دھمکی بھی دی ، لیکن ان کا کیمرہ مسلسل پورے واقعہ کو قید کرتا رہا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کس نے پیچھے سے کک ماری یہ نہیں معلوم ، میں درد سے کراہ رہی تھی ، مجھ سے کیمرہ چھیننے کی کوشش کی گئی ، لیکن میں ڈٹی رہی ،میرے گلے میں تھوڑی چوٹ آئی ہے۔