منکی کے قریب ٹینکر سے ایسڈ گرنے کے بعد عوام میں خوف و ہراس ؛ عوام نے کی سانس لینے میں دشواری کی شکایت

12:58PM Fri 1 Feb, 2019

منکی: یکم فروری،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) منکی میں کل رات عوام میں اس و قت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایسڈ سے بھری ایک ٹینکر سے ایسڈ کا رساؤ شروع ہوگیاجس کے بعد عوام نے اس علاقے میں سانس لینے میں دشواری کی شکایت کی۔ اس کی اطلاع ملتے ہی منکی پولس اہلکار اور فائیر بریگیڈ عملے نے رات کو ہی اس ٹینکر کا پیچھا کیا اور اسے رکوا دیا۔ پولس ذرائع نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کل رات میں ہی انہوں نے اس معاملہ کو حل کیا ہے اور ٹینکر کو حراست میں لے کر ضروری کارروائی انجام دی ہے۔ منکی پی ایس آئی نیتو کے مطابق اس ٹرک سے ہائیڈرولک گیس کا رساؤ ہورہاتھا جس پر کارروائی کرنے کے بعد معاملہ حل ہوگیا ہے البتہ ٹرک کو حفاظت کی غرض سے تھانہ میں رکھا گیا ہے۔ خیال رہے کہ کل دیر رات اس خبر کے پھیلنے کے ساتھ ہی سوشیل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہورہا تھا اور عوام کو وہاں سے خالی کیے جانے کے پیغامات موصول ہورہے تھے۔ تاہم ان سب باتوں کی پولس نے نفی کرتے ہوئے  کسی بھی خطرہ کے نہ ہونے کی خبر دی ہے۔