بھٹکل سمیت کمٹہ میں بھی پایا گیا آج کورونا کا نیا معاملہ: رتناگیری سے آٹھ دن پہلے لوٹا تھا کمٹہ کا مریض ، بھٹکل سے نہیں ہے کوئی رابطہ
12:56PM Wed 13 May, 2020
بھٹکل: 13 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیوور) اتر کینرا میں دو دن بعد کورونا کے دو معاملے پیش آئے ہیں جس میں بھٹکل کی دو سالہ بچی اور کمٹہ کا ایک نوجوان شامل ہے۔
آج جس بچی کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے اس کی 21 سالہ والدہ پہلے ہی اس مرض سے متاثر ہے اور وہ بچی کے ساتھ ہی کاروار کے اسپتال میں زیر علاج ہے ۔
اور کمٹہ کا یہ نوجوان ہونلی کا رہنے والا ہے جس کی عمر 26 سال بتائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ نوجوان 5 مئی کو مہاراشٹرا کے رتناگیری سے کمٹہ آیا تھا جس کے بعد وہ خود کورنٹائن ہوگیا تھا اور رتنا گیری سے لوٹنے کے بعد سے کوکن ایجوکیشنل ٹرسٹ کی عمارت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ کورنٹائن سینٹر میں تھا۔ اس جگہ اس کے ساتھ دیگر لوگ بھی تھے جو کچھ ہی دن پہلے گھر بھیج دیے گئے تھے۔ تاہم اس نئے معاملہ کے سامنے آنے کے بعد وہاں موجود تمام لوگ خوف زدہ ہوگئے ہیں۔
کمٹہ میں پہلا معاملہ سامنے آنے کے بعد بھٹکل کی میڈیکل ٹیم کمٹہ پہنچ چکی ہے اور ضروری کارروائی میں لگی ہوئی ہے۔
تازہ معاملے کے بعد اتر کینرا میں ایکٹیو معاملوں کی تعداد تیس کو پہنچ چکی ہے جبکہ اتر کینرا کے بارہ لوگ اس سے قبل صحت یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ آج ریاست میں کورونا کے کل 34 معاملے سامنے آئے ہیں جس میں کلبرگی، ہاسن اور بیدر سے سب سے زیادہ معاملے آئے ہیں۔