نائن الیون سے متعلق بل پر سعودی عرب کا شدید ردعمل ، کہا : متاثر ہوسکتے ہیں تعلقات
03:29PM Fri 30 Sep, 2016
ریاض : امریکی کانگریس کی جانب سے نائن الیون کے حملوں سے متعلق متنازع بل جاسٹا کو قانون بنائے جانے کی سعودی عرب نے شدید مذمت کی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جاسٹا جیسے قوانین کی منظوری سے دیگر ممالک کی خود مختاری اور استثنیٰ کے اصولوں کو نقصان پہنچے گا اور اس کے نتیجے میں سیکڑوں سال سے چلے آرہے دیرینہ تعلقات بری طرح متاثر ہوسکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی واس کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کےایک ذمہ دار نے بتایا کہ ریاض امریکہ میں منظور کردہ جاسٹا قانون کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، کیونکہ اس طرح کے قوانین دوست ملکوں کے درمیان مخاصمت کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی انتظامیہ، صدر کے ترجمان، وزیر دفاع، مسلح افواج کے سربراہ اور سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر نے بھی اس متنازع بل کی کھل کر مخالفت کرچکے ہیں ۔
ادھر بین الااقوامی برادری نے بھی امریکی کانگریس کے متنازع بل کو مسترد کردیا ہے۔ امریکی قومی سلامتی کے دسیوں ماہرین نے بھی اسے امریکہ کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے اور قانون پر عمل درآمد سے امریکہ کے دنیا سے تعلقات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔