ممتا حکومت کا رمضان میں سبسڈی پر فوڈ پیکٹ فراہم کرنے کا فیصلہ

04:48PM Fri 3 Jun, 2016

کلکتہ : مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے رمضان کے مہینہ میں ریاست کے تمام راشن دوکانوں پر سبسیڈی پرروزہ فوڈ پیکٹ فراہم کرنے کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں روزہ رکھا جاتا ہے ۔اس لیے ریاست کے تمام راشن دوکانوں پر 6جون سے 5جولائی تک روزہ فوڈ پکیٹ سبسیڈی پر دیاجائے گا۔ ریاستی وزیر خوراک سوجتری پریہ ملک کے مطابق اس فوڈ پیکٹ میں چینی، چانا، آٹاو دیگر اشیاء مارکیٹ سے کم قیمتوں پر مہینے میں دومرتبہ دیا جائے گا۔ملک نے کہا کہ حکومت نے 45لاکھ ٹن غلہ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں 35لاکھ ٹن غلہ فراہم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں غلہ کی پیدوار میں اضافہ کیلئے حکومت مسلسل کوشش کررہی ہے ۔ اپنی نئی حکومت کی پہلی انتظامیہ میٹنگ کی صدارت ٹاؤن ہال میں کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی حکومت نے قرضوں کے بوجھ کے باوجود 53,000کروڑروپیہ جو 4000کروڑ کے ہدف سے کہیں زیادہ ہے ریاست کے انفراسٹکچر پر خرچ کیا ہے ۔انہوں نے تمام ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جلد سے جلد تمام پروجیکٹوں کو مکمل کیا جائے ۔ سال 1998میں قائم ہونے والی ترنمو ل کانگریس 2011میں بایاں محاذ کے 34سالہ اقتدار کا خاتمہ کرنے کے بعد اقتدار میں آئی تھی مگر 2016میں 211سیٹوں پر کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں آئی ہے ۔ممتا بنرجی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ قرضوں کے بوجھ کے باوجود ہم ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 105 ایڈمنسٹریٹو میٹنگ بلاک سطح پر کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگلی میٹنگ جنگل محل میں 14جون کو ہوگی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے مرکز سے کہدیا ہے کہ منریگا کیلئے ادھار کارڈ کے لازمی پر عمل نہیں کرسکیں گی ۔انہوں نے کہا ریاست کے 30فیصد افراد کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہے ۔اس کی وجہ سے سیکڑوں افراد منریگا کی اسکیم سے فائدہ حاصل کرنے سے محروم ہوجائیں گے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ بنگال 100دن روزگار فراہم کرنے کے معاملے میں پورے ہندوستان میں رول ماڈل ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ہمارامشن بنگال کو پوری دنیا میں نمبر ون بنانا ہے۔