ترک صدر اردوغان نے اذان کا احترام نہ کرنے والوں کی شدید تنقید کی
12:40PM Mon 11 Mar, 2019
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے ’اذان کا احترام‘ نہ کرنے پر استنبول میں عالمی یوم خواتین پر نکالی جانے والی ریلی کے شرکا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حکام کی جانب سے استقلال چوک پر کسی قسم کے مظاہرے کی اجازت نہ دینے کے احکامات پر پولیس کی جانب سے ہزاروں افراد پر آنسو گیس کے شیل فائر کئے گئے حالانکہ گزشتہ برس یہ تقریب پر امن طور پر منعقد ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک غیر مصدقہ ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ شاہراہ پر مرد و خواتین مارچ کرتے ہوئے اذان کے دوران بھی مسلسل نعرے بازی کررہے تھے۔
ترک صدر نے کہا کہ ’سی ایچ پی (مرکزی اپوزیشن جماعت) اور ایچ ڈی پی (پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی) کی قیادت میں ایک گروپ نے یوم خواتین پر اذان کے دوران سیٹیاں بجا کر اور نعرے بازی کر کے بدتمیزی کا مظاہرہ کیا۔ خیال رہے کہ تقسیم چوک کو جانے والی شاہراہ روایتی طور پر ریلیاں منعقد کرنے کا مقام ہے۔