سیف الدین سوز کا پھرمتنازع بیان ، پاکستان کو کشمیر دینا چاہتے تھے پٹیل ، نہرو نہیں ہوئے تیار
12:10PM Sat 23 Jun, 2018
Share:
کانگریس لیڈر سیف الدین سوز نے کشمیر کو لے کر ایک مرتبہ پھر متنازع بیان دیا ہے ۔ سوز نے دعوی کیا کہ سردار پٹیل پاکستان کو کشمیر دینا چاہتے تھے ، لیکن جواہر لال نہرو اس کے حق میں نہیں تھے ۔ ان کا دعوی ہے کہ پٹیل آخری دم تک کشمیر پاکستان کو دینا چاہتے تھے ۔ سوز نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن کیلئے ضروری ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کی سرحد تبدیل نہ ہو۔
نیوز 18 انڈیا سے خاص بات چیت کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن قائم کرنے کیلئے حل یہی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کی سرحد تبدیل نہ ہو۔
کشمیر سے متعلق ان کی آنے والی کتاب کو لے کر تنازع پر سوز نے کہا کہ کتاب میں کوئی ایسی بات نہیں ہے ، جس سے کانگریس ناراض ہو ۔ سوز نے کہا کہ میں نے کتاب میں لکھا ہے کہ سردار پٹیل چاہتے تھے کہ کشمیر پاکستان کو دیدیا جائے، لیکن نہرو کشمیر کو ہندوستان میں رکھنے کے حق میں تھے ۔ آخری دم تک پٹیل چاہتے تھے کہ کشمیر پاکستان کو دیدیا جائے۔
ادھر بی جے پی لیڈر شاہنواز حسین نے اس معاملہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس سوز کے بیان سے کنارہ کشی اختیار نہیں کرسکتی ہے ، سوز کا بیان سردار پٹیل کی بے عزتی ہے ، کانگریس کو ان کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔