زراعت کے شعبے میں مجموعی تبدیلی کیلئے اقدامات: کمار سوامی رام نگرم ضلع سے ہی شروعات، زرعی قرض ضرور معاف کئے جائیں گے
01:31PM Sat 23 Jun, 2018
رام نگرم:23؍جون (سالارنیوز) کسانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے منصوبے تیار کئے گئے ہیں۔ ان تمام منصوبوں کو جاری کر کے زراعت کے شعبے میں غیر معمولی تبدیلی لائی جائے گی۔آئندہ بجٹ میں کسانوں کی فلاح و بہبودی کو ترجیح دی جائیگی۔ اس کیلئے ریاست کے کسانوں کا تعاون ضروری ہے۔یہ بات وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہی۔ انہوں نے تعلقہ کے پیٹے کرو براہلی میں شری انجنیا سوامی مندر کے افتتاح دور میاکمبھا بھیشکا پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ زراعت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے مائکرواری گیشن نظام جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں وظیفہ یاب آئی اے ایس آفیسر وجئے کمار کی قیادت میں زراعت کے شعبے کی ترقی کیلئے مختلف منصوبے تیار کئے جارہے ہیں۔ ریاست میں بھی زراعت کے شعبے میں غیر معمولی تبدیلی لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے جس کی شروعات رام نگر ضلع سے ہی ہوگی۔ کمار سوامی نے کہا کہ رام نگرم اسمبلی حلقہ کے عوام نے ایسی سیاسی زندگی بخشی ہے۔ان پر اعتماد کئے ہوئے عوام کو کبھی دھوکہ نہیں دیں گے بلکہ عوام کی فلاح و بہبودی کیلئے دن رات جدوجہد کریں گے۔ رام نگرم کے عوام کی طرف سے لگایا گیا یہ پودہ آج سایہ دار درخت بن کر ریاست بھر کے عوام کو سایہ فراہم کررہا ہے۔کمار سوامی نے کہا کہ نافہ سے ریشم نکالنے کا کام صرف ہندوستان میں ہی کیا جارہا ہے مگر تھائی لینڈ ملک میں 32طرز کے بائی پراڈکٹس تیار کئے جارہے ہیں۔ ریشم سے کاسمیٹک بھی تیار کیا جارہا ہے۔ اس خصوصی ٹیکنالوجی کو ریاست میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ نوجوان طبقہ کو چاہئے کہ اس طرح کے پراڈکٹس تیار کرنے کیلئے آگے آئے۔حکومت ہر طرح کا تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ کمار سوامی نے کہا کہ رام نگر حلقہ سے کامیابی حاصل کرکے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد حلقہ کا دورہ کرنے کیلئے بھی وقت نہیں ملا ، اس لئے ووٹروں سے معافی کا طلب گار ہوں، بجٹ پیش کرنے کے بعد پورا دن رام نگرم حلقہ میں گزاروں گا اور عوام کے مسائل سن کر حل کرنے کی کوشش کروں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رام نگرم حلقہ سمیت ضلع بھر میں زیر التواء ترقیاتی و تعمیری کاموں کو مکمل کرنے کے بارے میں بھی توجہ دی جائے گی۔وزیر اعلیٰ کمار سوامی کی رام نگرم آمد کے پیش نظر ضلع پولیس کی طرف سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ پروٹوکال کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے وزیر اعلیٰ پریڈ کی سلامی دی گئی۔