اگلے تین دنوں تک ساحلی کرناٹک میں تیز بارش کے امکانات

04:00PM Fri 15 May, 2020

بھٹکل: 15 مئی،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) محکمہ موسمیات نے کل سے تین دنوں تک ساحلی کرناٹک میں تیز بارش ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔ جبکہ محکمہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس سال بارش کا موسم جون کے پہلے ہفتہ سے ہی شروع ہوگا۔ پچھلے کچھ دنوں سے ساحلی کرناٹک کے علاقوں میں بجلی اور گرج کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس سے کچھ علاقوں میں گرمی کا زور کم پڑگیا ہے۔ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سرینواس ریڈی نے بتایا کہ خلیج بنگال سے چلنے والی ہوا اور بادل بحرعرب کی طرف بڑھ رہے ہیں اس وجہ سے آئندہ تین دنوں (16 مئی سے 18مئی تک)  تک ساحلی کرناٹک میں شدید بارش کے امکانات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر امکانات کے مطابق بارش ہوتی ہے تو یہاں گرمی کم ہوگی اور لوگوں کو راحت ملے گی۔