ناموسِ رسالت ﷺمیں گستاخی کی مرتکب خاتون کو فوری گرفتار کیا جائے
12:32PM Tue 31 Jan, 2017
نوری مشن و سنی نوجوانوں پر مشتمل وفد نے ایف آئی آر درج کروائی اور کارروائی کا مطالبہ کیا
مالیگاؤں۔(بھٹکلیس نیوز)نا شوشل میڈیاکے ذریعے گستاخ شاعرہ آسو پریہار نے رسول کریم ﷺ کی شانِ پاک میں جو گستاخی و جسارت کی ہے اس پر سارے مسلمان بے قرار ہیں۔ مسلمان جان تو دے سکتا ہے لیکن ناموسِ رسالت ﷺ میں ادنیٰ سی بے ادبی و توہین ہرگز برداشت نہیں کرسکتا۔ ایسی مذموم حرکت کی مرتکب خاتون یوگا ماسٹر آسو پریہار کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دینا چاہیے۔ اس سلسلے میں نوری مشن کے ایک وفد نے سٹی پولس اسٹیشن مالیگاؤں پہنچ کر ایف آئی آر درج کروائی۔ اس ضمن میں عتیق الرحمن رضوی نے بتایا کہ ہم نے سخت دفعات کے تحت رپورٹ کا اندراج کرانے کی کوشش کی۔ اس ضمن میں قلم 295Aکے تحت رپورٹ درج کی گئی۔یو ٹیوب کی گستاخی والی لنک بھی دی گئی اور بلاک کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر وفد میں غلام مصطفی رضوی، محمد سعید رضا،وسیم احمد رضوی، محمد شہباز اختر رضوی، عامر رضا، فرید رضوی، جنید رضا، شیخ شفیق رضوی، فیروز رضوی، وسیم رضا، زماں رضوی، محمد علی رضوی، افضال رضوی سمیت درجنوں نوجوان موجود تھے۔ مذکورہ نوجوانوں کا حکومت سے یہ مطالبہ ہے کہ ایسی گستاخی کی جرأت آئندہ نہ ہو اس کے لیے ٹھوس قانونی اقدام ضروری ہے۔مذکورہ خاتون کی کلپ میں منافرت اور مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والا بیان دیا گیا ہے جس کی ہم سختی سے مذمت کرتے ہیں اور فوری گرفتاری کے ساتھ ہی عبرتناک سزا کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں ذمہ دارانِ اہلسنّت سے بھی رابطہ جاری ہے تا کہ جمہوری و قانونی طریقے سے ایسے گستاخ فتنوں پر لگام لگائی جا سکے۔ نوری مشن کے ذمہ داران نے کہا کہ ہم اس ضمن میں قانونی اقدامات کے لیے مستعد رہیں گے کیوں کہ یہ ناموسِ رسالت کا مسئلہ ہے جس میں کسی بھی طرح کی مصلحت کی گنجائش نہیں۔