اترپردیش میں سیاحت کے فروغ کے لئے ریاستی حکومت جلد ایک نئی پالیسی تیار کرے گی

06:01PM Mon 26 Aug, 2013

آگرہ، 26 اگست (یو این آئی) اترپردیش میں سیاحت کے فروغ کے لئے ریاستی حکومت جلد ایک نئی پالیسی تیار کرے گی۔اترپردیش کے چیف سکریٹری جاوید عثمانی نے آج یو این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئی پالیسی سیاحت کے شعبے سے متعلق مسائل کو حل کرے گی اور اس کے فروغ کے لئے مشورے پیش کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے زیادہ سیاحوں کو اترپردیش کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ عثمانی نے کہا کہ کثیر تعداد میں دیسی و بدیسی سیاح محبت کی عالمی شہرت یافتہ یادگار تاج محل دیکھنے کے لئے اس شہر میں آیا کرتے ہیں۔ انہیں بہتر سہولیات مہیا کرائی جائیں گی تاکہ وہ اس شہر میں زیادہ دن گزار سکیں۔عثمانی نے جو تاج گنج پروجیکٹ کا جائزہ لینے کیلئے یہاں آئے تھے، بتایا کہ تاج محل کے اردگرد کے علاقوں کو خوبصورت بنایا جائے گا اور خستہ حال سڑکوں و فٹ پاتھ کی مرمت کی جائے گی۔ ریاست کے چیف سکریٹری نے کہا کہ اس کے علاوہ شہر میں صفائی ستھرائی کی مہم چلائی جائے گی اور سیوج کی حالت بہتر بنائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ 136 کروڑ روپے کے تاج گنج پروجیکٹ کو چلانے کے لئے بڑے صنعتی گھرانوں کا اشتراک بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔مسٹر عثمانی کے مطابق ٹورینٹ پاور لمیٹیڈ کو بجلی کے اوور ہیڈ تار ہٹاکر انہیں زیر زمین ڈالنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔