بی ایم جے قطر کی طرف سے شاندار عید ملن تقریب

12:09PM Tue 13 Aug, 2013

بی ایم جے قطر کی طرف سے شاندار عید ملن تقریب بھٹکلیس نیوز / 13 اگست، 13 دوحہ / (ذاکر ایس ایم) بھٹکل مسلم جماعت قطر کی طرف سے گزشتہ روز قطر کے ویلیج ریسٹورینٹ میں ایک عید ملن تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تقریب کا آغاز احمد بن مولوی فضیل صاحب کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اس کے بعد کنوینر عید ملن جناب طاہر حسین قاضیاء صاحب نے استقبالیہ کلمات پیش کئے ۔ نائب صدر مولوی محمد اظہر نے اس موقع پر اپنے خطاب میں قرآنی آیات کی تشریح کرتے ہوئے رمضان کے بعد بھی نیک اعمال کی پابندی کرنے کی ترغیب دلائی ۔ اس موقع پر چھوٹے چھوٹے بچوں نے بہترین انداز میں اچھی اچھی نظمیں اور مکالمے وغیرہ سنا کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر ایک تفریحی پروگرام کا بھی انعقاد کیا گیا تھا جس کو جناب ذاکر ایڈن صاحب نے پیش کیا ۔ عید ملن تقریب میں رکھے گئے کوئز مقابلے میں کل پندرہ سوال کئے گئے جس میں اول انعام عبدالفتاح نے ، دوم انعام مریب اریب خلیفہ نے اور سوم انعام ابراہیم خلیل نے حاصل کیا ۔ ان کو بالترتیب ایک ہزار،چھ سو اور چار سو قطری ریال انعام میں دئیے گئے ۔ ریفل ڈراء میں اس سال بمپر انعام بائک رکھی گئی تھی ۔ دوسرا بمپر انعام 44,444 ہندوستانی روپئے تھے اور تیسرا بمپر انعام دوحہ مینگلور دوحہ کی ٹکٹ دی گئی تھی ۔ اس پروگرام کا اختتام جناب صلاح الدین شابندری کے شکریہ کلمات پر ہوا۔ پروگرام کے شروع میں بفیٹ ڈنر کے ساتھ مہمانوں کی تواضع کی گئی تھی ۔ bmjq-eidmilan3