عمر خالد حملہ: دو نوجوانوں نے لی ذمہ داری ، کہا - 'آزادی کا تحفہ دینا چاہتے تھے

12:50PM Thu 16 Aug, 2018

گزشتہ پیر کے روز جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طالب علم عمر خالد پر حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے دو نوجوانوں نے ایک واٹس ایپ ویڈیو جاری کیا ہے۔ اس ویڈیو میں خالد پر حملے کی ذمہ داری لیتے ہوئے دونوں نے کہا ہے کہ وہ خالد پر حملہ کر کے یوم آزادی کے موقع پر لوگوں کو آزادی کا تحفہ دینا چاہتے تھے۔ انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق، واٹس ایپ پر شئیر ہو رہے اس 4 منٹ کے ویڈیو میں ان دونوں نوجوانوں نے اپنے نام سرویش شاہ پور اور نوین دلال بتایا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک شخص نے اپنے ہاتھ میں ترنگا جھنڈا لے رکھا ہے۔ ویڈیو میں ان دونوں کا کہنا ہے کہ خالد پر حملہ کر کے وہ 15 اگست کے موقع پر لوگوں کو تحفہ دینا چاہتے تھے۔
 شاہ پور اور دلال نے کہا ہے کہ حملہ کی ذمہ داری ان پر ہے اور انہوں نے پولیس سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ حملے کی تحقیقات میں دوسروں کو پریشان نہ کریں۔ ان مبینہ حملہ آوروں نے کہا ہے کہ وہ 17 اگست کو سکھ انقلابی کرتار سنگھ سرابھا کے گھر کے سامنے خودسپردگی کریں گے۔خصوصی سیل کے ایک پولیس آفیسر نے کہا ہے کہ اگر ان کے دعوے درست پائے گئے تو پولیس انہیں گرفتار کر لے گی۔ پولیس جمعرات کے روز ہی سے ان دونوں کی تلاش میں ہے۔ واضح ہو کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طالب علم عمر خالد پر پیر کے روز دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب کے باہر کچھ نامعلوم افراد نے حملہ کیا تھا۔ خالد نے الزام لگایا تھا کہ ان لوگوں نے انہیں گولی مارنے کی بھی کوشش کی لیکن وہ بچ گئے۔