ڈاکٹر جسیم محمد نے مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل پرکاش جاویڈکر سے نئی دہلی میں ملاقات کی

12:05PM Thu 18 Aug, 2016

ڈاکٹر جسیم محمد تعلیم کی ترویج و اشاعت میں بیش قیمت تعاون پیش کر رہے ہیں: پرکاش جاویڈکر ہماری نئی تعلیمی پالیسی عالمی سطح کی ہوگی: پرکاش جاویڈکر علی گڑھ18؍اگست: ڈاکٹر جسیم محمد نے مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹرپرکاش جاویڈکر سے وزارت برائے فروغِ انسانی وسائل، نئی دہلی میں ملاقات کرکے ان سے نئی تعلیمی پالیسی، اقلیتوں کے اکثریتی اضلاع میں تعلیم کی ترویج و اشاعت اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بجٹ کو بڑھانے پر گفت و شنید کی۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ انہوں نے مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹرپرکاش جاویڈکر سے وزارت برائے فروغِ انسانی وسائل نئی دہلی میں ملاقات کی جس میں مسٹر پرکاش جاویڈکر سے نئی تعلیمی پالیسی پر تفصیل سے گفت و شنید ہوئی۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے مسٹر پرکاش جاویڈکر کو بتایا کہ نئی تعلیمی پالیسی کا مرکز ملک کے محروم طبقہ کو بنایاجانا چاہئے اور اس میں خصوصی طور پر پیشہ ورانہ تعلیم کا نظم کیاجانا چاہئے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مناسب مواقع مہیا ہوسکیں اور وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کا ’’ میک ان انڈیا‘‘ کا خواب تعبیر سے ہمکنار ہوسکے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ ( ریٹائرڈ) کے ذریعہ اے ایم یو میں کئے گئے ترقیاتی کاموں کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر سے اپیل کی کہ وہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بجٹ میں اضافہ کریں تاکہ ملک کے اقلیتی فرقہ کے نوجوان تعلیم کے میدان میں بھی ترقی کا حصہ بن سکیں۔اس موقع پر ڈاکٹر جسیم محمد نے اپنی اردو زبان میں شائع کتاب’’ نریندر بھائی مودی: فرش سے عرش تک‘‘ اور ہندی زبان میں شائع کتاب’’ من کی بات‘‘ مرکزی وزیر مسٹر پرکاش جاویڈکر کو پیش کیں۔ مسٹر پرکاش جاویڈکر نے ڈاکٹر جسیم محمد کی آنے والی کتاب ’’ نریندر مودی کالنگ‘‘ کے پوسٹر کا اجراء بھی کیا۔ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر نے ڈاکٹر جسیم محمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی ریڈیو پر کی گئی تقریروں کو جمع کرکے شائع کیا ہے وہ اہم ہے کیونکہ اب عوام ان موضوعات کو آسانی کے ساتھ سمجھ سکے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جسیم محمد تعلیم کی ترویج و اشاعت کے میدان میں جو بیش قیمت خدمات انجام دے رہے ہیں ان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہندوستان کی تعلیمی پالیسی کو عالمی سطح پر فروغ دینا چاہتی ہے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر کو فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس( ایف ایم ایس اے) کے زیرِ اہتمام’’ نئی تعلیمی پالیسی اور اقلیتیں‘‘ موضوع پر منعقد کئے جانے والے قومی سیمینار میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا اور مسٹر پرکاش جاویڈکر نے ان کی دعوت کو بخوشی قبول کرلیا۔اس موقع پر مسٹر این جمال انصاری، ماجد خاں اور شمس الحسن خاں بھی موجود تھے۔