مغربی بنگال اور بہار کے کئی حصوں میں محسوس کئے گئے زلزلے کے جھٹکے
03:43PM Wed 24 Aug, 2016
کلکتہ۔ مغربی بنگال میں زلزلہ کے زور دار جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ریاست کے کئی اضلاع مالدہ، شمالی دیناج پور، کلکتہ ، ہگلی اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے کی وجہ سے خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
کلکتہ شہر میں بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں و دفاتر سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے ہیں۔میٹرو سروس کوعارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان کی خبر نہیں ہے ۔ زلزلہ کی شدت چھ اعشاریہ آٹھ ریختراسکیل کے قریب ہے ۔
وہیں، بہار کےدارالحکومت پٹنہ سمیت ریاست کے تقریباً تمام حصوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئےگئے۔ زلزلے کا جھٹکا تقریباً چار بج کر دس منٹ پر محسوس کیا گیا۔زلزلے کا جھٹکا محسوس ہوتےہی لوگ اپنے اپنےگھروں سے باہر نکل کر سڑکوں پر آگئے۔زلزلے کا مرکز اور اس کی شدت کے بارے میں فوراً پتہ نہیں چل سکا ہے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز میانمار میں تھا اور اس کی شدت تقریباً 6.8تھی۔محکمہ موسمیات کےمطابق زلزلے کے ایسے مزید جھٹکے محسوس کئےجاسکتےہیں۔اس لئے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ زلزلے کی وجہ سے پٹنہ کے لوگ دہشت میں آگئے ہیں۔گزشتہ سال اپریل میں کئی دنوں تک یکے بعد دیگرے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔اس وقت زلزلے کا مرکز نیپال میں تھا اور بہار مین بھی کئی لوگوں کی جانیں گئی تھیں۔
کثیر منزلہ عمارتوں میں رہنے والے لوگوں کو آج زلزلے کا جھٹکا زیادہ محسوس ہوا۔ایسی عمارتوں میں رہنے والے دہشت کی وجہ سے سڑکوں اور میدانوں میں نظر آرہے ہیں۔لوگوں کو ڈر ہے کہ اتنے بڑے جھٹکے کے بعد ضرور دوبارہ زلزلہ آئےگا۔اس لئے وہ ابھی فوراً اپنے گھروں میں جانے سے گھبرا رہے ہیں۔ کئی اضلاع سے موصول اطلاعات کے مطابق زلزلے سے ابھی تک جان و مال کا کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔