سولر لائٹس کی خریداری کے دوران سرکاری خزانے کو چونا لگانے کا انکشاف
03:28PM Wed 15 Mar, 2017
سرینگر ۔(بھٹکلیس نیوز)سولر لائٹس کی خریداری کے دوران سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا چونا لگانے والے افسر کے خلاف سٹیٹ ویجلنس آرگنائیزیشن نے شکنجہ کستے ہوئے اس کے خلاف کیس درج کر تے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ۔ذرائع کے مطابق سٹیٹ ویجلنس آرگنائیزیشن کو شکایات ملی تھی کی سولر لائٹس کی خریداری کے سلسلے میں خزانہ عامرہ کو لاکھوں روپے کا چونا لگایا گیا ہے ،شکایت ملنے کے بعد سٹیٹ ویجلنس آرگنائیزیشن نے جموں و کشمیر اینرجی ڈیولپمنٹ ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ ڈالا اور تمام ریکارڈ اپنی تحویل میں لے کر اس کی باریک بینی سے جانچ پڑتال شروع کی جس کے دوران ویجی لنس آرگنائیزیشن کو اس بات کی جانکاری ملی کہ سولر لائٹس کی خریداری کے دوران جموں و کشمیر اینر جی ڈیو لپمنٹ ایجنسی کے چیف ایگزیکیٹیو آفیسر شفقت سلطان نے بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں عمل میں لاتے ہوئے سرکاری خزانے کو لاکھوں روپے کا چونا لگا دیا ہے ۔ سٹیٹ ویجلنس آرگنائیزیشن کے آئی جی منیر احمد خان نے ذرائع ابلاغ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ چیف ایگزیکیٹو افسر نے سولر لائٹس کی خریداری کے سلسلے میں نہ صرف قوائد و ضوابط کی دھجیاں اڑائی ہیں بلکہ اپنے اختیارات کا بھی غلط استعمال کرنے کے دوران سرکاری خزانے کو بڑے پیمانے پر چونا لگا دیا ہے ۔ آئی جی کے مطابق چیف ایگزیکٹیو افسر کے خلاف کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔