گاندھی جی سے متعلق ہیگڑے کا بیان توہین آمیز، پی ایم مودی واضح کریں اپنا رخ: ششی تھرور

04:19PM Mon 3 Feb, 2020

نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے سابق مرکزی وزیر اوربی جےپی رہنما اننت کمار ہیگڑے کے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے بارے میں دیئےگئے متنازعہ بیان کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی کو اس مسئلے پر ملک کے سامنے اپنا رخ واضح کرنا چاہیے۔
 ششی تھرور نے یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ایک سوال کے جواب میں یہ تبصرہ کیا۔ان کی توجہ جب کرناٹک کے بی جےپی لیڈر ہیگڑے کے اس بیان کی طرف دلائی گئی جس میں انہوں نے کہا ہے کہ مہاتما گاندھی کی آزادی کی لڑائی ’ایک ڈرامہ تھی‘ پر ششی تھرور نے کہا کہ بی جےپی اور سنگھ پریوار شروع سے ہی مہاتما گاندھی پر حملے کرتا رہا ہے اور یہ اس کی تاریخ رہی ہے اور اس میں کچھ بھی نئی بات نہیں ہے۔
 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی ایک طرف مہاتما گاندھی کے اصولوں کی بات کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف ان کی پارٹی کےلیڈر اور سنگھ پریوار کے لوگ گاندھی کی توہین کرتے ہیں اور ان پر حملے کرتے رہتے ہیں،لیکن نریندرمودی کچھ نہیں بولتے۔
 کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کو اس معاملے میں اپنا رخ واضح کرنا چاہیے تاکہ ملک کو پتہ چل سکے کہ ان کا رخ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی کتھنی اور کرنی میں کافی فرق ہے،وہ بولتے کچھ ہیں اور ان کی پارٹی لیڈر کرتے کچھ ہیں۔
ششی تھرور نے یہ بھی کہا کہ مودی حکومت کے وزیر لوگوں کو گولی مارنے کی بات کرتے ہیں اور اس طرح نوجوانوں کو تشدد کےلئے بھڑکاتے ہیں لیکن ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کانگریس کےلئے ہمیشہ سے ہی عزت و احترام کے کا اظہار کررہے ہیں اور ہمارے لئے وہ آج بھی قابل احترام ہیں جبکہ بی جےپی کےلئے وہ کبھی قابل احترام نہیں رہے ہیں اور ہیگڑے کے بیان سے یہ واضح ہوگیا ہے۔