عمران کے خط کے بعد اب ہند۔ پاک کے وزراء خارجہ کی نیویارک میں ہو گی ملاقات
01:16PM Thu 20 Sep, 2018
ہندوستان اور پاکستان کے وزراء خارجہ کے درمیان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران الگ سے ملاقات ہوگی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ میٹنگ کی تاریخ اور وقت دونوں فریقوں کے درمیان باہمی رضامندي سے بعد میں طے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس میٹنگ کے لئے اپیل کی تھی جسے ہندوستان نے قبول کرلیا ہے۔
اس سوال پر کہ میٹنگ کا ایجنڈا کیا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ابھی صرف ملاقات ہونی ہے، موضوع طے نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قريشی کے درمیان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران میٹنگ کی تجویز پیش کی تھی ۔ انہوں نے یہ خط مودی کو اس تہنیتی خط کے جواب میں لکھا تھا جو انہوں نے عمران خاں کے وزیر اعظم بننے پر بھیجا تھا۔
نریندر مودی نے اس میں دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے لئے مثبت ماحول پیدا کرنے کے بارے میں بات کہی تھی ۔