وزیرِ اعظم نریندر مودی سے ڈاکٹر جسیم محمد کی ملاقات
01:56PM Thu 2 Feb, 2017
ہندوستانی مسلم نوجوانوں نے شدت پسند فکر کی ہمیشہ مخالفت کی
وزیرِ اعظم سے ملاقات کرکے ملک کی خدمت کے جذبہ کو فروغ حاصل ہوا: ڈاکٹر جسیم محمد
نئی دہلی(بھٹکلیس نیوز)فورم فار مسلم اسٹڈیز اینڈ اینالائسس کے ڈائرکٹر ڈاکٹر جسیم محمد نے وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی سے پارلیامنٹ ہاؤس میں ملاقات کرکے مختلف امور پر گفت و شنید کی۔ انہوں نے ہندوستانی مسلمانوں کا حج کوٹہ بڑھائے جانے پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر جسیم نے وزیرِ اعظم کو شفاف ہندوستان( سوچھ بھارت) مشن، کالے دھن پر کنٹرول اور اقلیتوں کے لئے جاری فلاحی اسکیموں کو عوام تک پہونچائے جانے کے لئے خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی۔ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی نے ڈاکٹر جسیم محمد کو’’ من کی بات‘‘ کو کتابی شکل میں مفت تقسیم کرانے اور ان کے عالمی خطابات کو کتابی شکل میں لانے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے ڈاکٹر جسیم محمد کی اقلیتوں اور وطن کے لئے کی جانے والی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’ آپ کو ابھی کافی کام کرنے ہیں اس لئے اپنی صحت پر توجہ دیں۔‘‘وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ نوجوانوں اور خصوصی طور پر مسلم نوجوانوں کو تعلیم اور مہارت کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو فروغ دینا چاہئے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں بھر پور تعاون پیش کرسکیں۔انہوں نے اپنے عہد’’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ کو دہرایا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہندوستانی نوجوانوں نے انتہاپسندی کی شدت کے ساتھ مخالفت کی ہے جس نے دنیا کے تعدد ممالک کو متاثر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تہذیب و ثقافت، روایات اور اس کا سماجی تانا بانا کبھی بھی دہشت گردوں یا ان کو تربیت دینے والوں کے ناپاک منصوبوں کو کامیاب نہیں ہونے دے گا۔وزیرِ اعظم نے فورم کے زیرِ اہتمام اسکالر شپ جاری کئے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے وزیرِ اعظم سے اپیل کی کہ محروم طبقات اور اقلیتوں کے لئے جاری مرکز کی اسکیموں کی نگرانی کے لئے ایک کمیٹی کی تشکیل کی جانی چاہئے تاکہ ان طبقات کو مذکورہ اسکیموں کا مناسب فائدہ پہنچ سکے۔ ڈاکٹر جسیم محمد نے وزیرِ اعظم سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مراکز کے لئے گرانٹ میں اضافہ کی اپیل کی۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر جسیم محمد نے وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کو سرسید کی پورٹریٹ پر منحصر یادگاری نشان پیش کیا۔ ڈاکٹر جسیم نے اپنی کتاب ’’ عالمی قائد: نریندر بھائی مودی اور اپنی ایڈٹ کردہ و مرتب کردہ کتب ’’ من کی بات،( اول، دوئم و سوئم)، نریندر مودی کالنگ، اسٹیٹس مین نریندر مودی وزیرِ اعظم کو پیش کیں جن کا انہوں نے اجراء کیا۔ وزیرِ اعظم نے مسلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مجلہ ’’ تجارت‘‘ کا بھی اجراء کیا۔