عا لمی برادری کو مسلہ فلسطین کے حل کے لئے اسرائیل پر یقین نہیں ۔ اوبا ما

01:01PM Wed 3 Jun, 2015

بیت ا لمقد س : امریکی صدر باراک اوباما نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے فلسطین کے آزاد ریاست کے قیام سے متعلق بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حوالے سے اسرائیل پر اعتماد نہیں۔ اسرائیلی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے باراک اوباما کا کہنا تھا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے معاملے پر اسرائیل عالمی برادری میں اپنی ساکھ کھورہا ہے، فلسطین میں قیام امن کے لئے اسرائیل کوعملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ فلسطین کے ساتھ امن نہیں چاہتے، فلسطین میں قیام امن کے حوالے سے ہم آج تک یورپین ممالک کے بیانات کو پس پشت ڈالتے رہے لیکن اگر اب اسرائیل نے معاملے کے حل کے لئے فلسطین کو اہم فریق نہ سمجھا تو پھر امریکا اقوام متحدہ میں اسرائیل کی حمایت کے حوالے سے اپنے موقف میں تبدیلی پر غور کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ دوسری جانب اسرائیلی نائب وزیر خارجہ تزپی ہوتو ویلی کا کہنا ہے کہ فلسطین کے معاملے پر اسرائیل اپنی پالیسیوں کے حوالے سے کسی سے معافی نہیں مانگے گا، ہم اپنے موقف پر قائم ہیں کہ یہ سرزمین یہودیوں کی ہے اور ہم ہی اس کے اصل حق دار ہیں۔