تیرہ دن پہلے مہاراشٹرا سے مرڈیشور لوٹے دو افراد سمیت ضلع میں آج تین افراد کی رپورٹ نکلی پوزیٹیو

12:28PM Tue 23 Jun, 2020

بھٹکل: 23 جون، 20  (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا میں مہاراشٹرا سے لوٹنے والوں میں کورونا متاثرین کی تعداد روز بروز بڑھتے جارہی ہے۔ آج ضلع میں کورونا کے کل تین نئے معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے دو افراد مرڈیشور نیشنل کالونی کے ہیں اور ایک کا تعلق ہلیال سے بتایا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق مرڈیشور کے جن دو لوگوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے وہ 13 جون کو مہاراشٹرا سے لوٹے تھے اور اسی وقت ان کو مرڈیشور کے ایک اسکول میں کورنٹائن کیا گیا تھا اور آٹھ دن بعد ان کے تھوک کے سیمپل حاصل کرکے انہیں گھر جانے کی اجازت دی گئی تھی، تاہم آج پانچویں دن ان کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو موصول ہوئی ہے جس کے بعد علاقہ کے عوام خوف زدہ ہوگئے ہیں۔ مرڈیشور کے ان دونوں لوگوں کو آج  چار بجے کاروار کیمس لے جایا گیا ہے۔ ان نئے معاملات کے ساتھ ہی ضلع میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 147 کو پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 112 افراد اس مرض سے صحت یاب ہوکر لوٹ چکے ہیں اور 35 افراد کاروار کیمس میں زیر علاج ہیں۔ دیکھنے میں آرہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد کورونا کے تعلق سے احتیاط میں غفلت برتی جارہی ہے اور سڑکوں پر ماسک لگائے بغیر سماجی دوری کی پابندی نہ کرتے ہوئے لوگوں کو ٹہلتے دیکھا جارہا ہے جو کہ ایک سنگین صورت حال ہے جس کا خمیازہ پورے شہر کو بھگتنا پڑ سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت چاہے نگرانی کرے یا نہ کرے اب کے حالات میں خود اپنی ذمہ داری لیتے ہوئے احتیاط برتنا چاہیے اور ان تمام ہدایات پر عمل کرنا چاہیے جو حکومت کی طرف سے جاری کی گئیں ہیں، اس سے ہم خود بھی بچ سکتے ہیں اور اپنے گھر والوں کو بھی اس وبا سے دور رکھ سکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ حکومت کے لیے آپ صرف گنتی کا ایک حصہ ہیں لیکن اپنے گھر والوں کے لیے آپ ان کی زندگی کا حصہ ہیں۔