پونڈی چیری یونیورسٹی وائس چانسلر انیسہ بشیر خان کے خلاف کیس درج ، تقرریوں میں اقربا پروری کا الزام
01:18PM Thu 26 Oct, 2017
پڈوچیری: پونڈی چیری یونیورسٹی کی وائس چانسلر ( کار گذار) انیسہ بشیر خان کے خلاف یونیورسٹی میں بے ضابطگی کے الزام میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔ مدراس ہائی کورٹ کی ہدایت پر كالاپیٹ پولیس نے یونیورسٹی کی وائس چانسلر اور تین دیگر لوگوں کے خلاف رپورٹ درج کی ہے۔ مسز خان پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر اپنے عہدہ پر برقرار رہیں اور اسامیوں کے الاٹمنٹ میں اقربا پروری کو فروغ دیا۔
اس سلسلہ میں یونیورسٹی کے رٹائرڈ ڈپٹی رجسٹرار بالاسبرامنی نے ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے مسٹر بالاسبرامنی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے كالاپیٹ پولیس کو رپورٹ درج کرکےتفتیش کی ہدایت دی۔ پولیس نے مسز خان، پروفیسر رام چندرن اور ڈیٹا انٹری آپریٹر ویرپن اور وائس چانسلر کے پرائیویٹ سیکرٹری راج کمار کے خلاف قانون کی دفعہ 420، 468 اور 471 کے تحت رپورٹ درج کرلی ہے۔