روپے کی قدر میں گراوٹ سے حجاج کرام پر بوجھ میں اضافہ ، ادا کرنے پڑ سکتے ہیں مزید اتنے روپے

12:53PM Sun 23 Sep, 2018

عالمی بازار میں ڈالر کے مقابلے ہندوستانی کرنسی کی قدر میں  ہورہی گراوٹ کی وجہ سے اب حجاج کرام پر مزید بوجھ پڑنے والا ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا اس گرواٹ کی وجہ سے ہوئے خسارہ کی بھرپائی کیلئے عازمین حج سے مزید رقم لینے کی سوچ رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق حج کمیٹی کو روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے 63 کروڑ کا خسارہ ہوا ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا اپنے خسارہ کی بھرپائی کیلئے ہر حاجی سے 5600 روپے مزید ادا کرنے کی درخواست کرے گی ۔ یہی نہیں سعودی عرب میں نہ ملنے والی سہولیات کی وجہ سے واپس کی جانے والی رقم بھی سال رواں حجاج کرام کو لوٹائی نہیں جائیں گی۔
 کل یعنی 24 تاریخ کو حج کمیٹی کی میٹنگ ہونے والی ہے ، جس میں خسارہ سے نمٹنے کے طریقہ پر غور کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں کوئی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔