ریاست کو بے روزگاری کا سب سے بڑا مسئلہ درپیش ہے جسے نمٹنے کی اشد ضرورت ہے ۔۔محبوبہ مفتی

03:27PM Wed 15 Mar, 2017

سرینگر ۔(بھٹکلیس نیوز)بے روزگاری کو ریاست کیلئے سب سے بڑا چلیج قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے سرکار وعدہ بند ہے اور ریاست کو ترقی کی منزلوں پر لے جانا مخلوط حکومت کا ارادہ ہے ،تعمیر و ترقی کے کاموں کو یقینی بنانے کیلئے امن کو موقعہ فراہم کریں تاکہ لوگوں کو اپنی ضروریات حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور نئی نسل کو دورِ جدید کی ضرورتوں کیلئے بھٹکنا نہ پڑے۔ نمائندے کے مطابق راجوری میں مختلف تعمیراتی کاموں کا افتتاع کرنے کے بعد کورٹ ٹرنکا راجوری میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بیروزگاری ریاست کیلئے سب سے بڑا چلینج ہے اور اس سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات اٹھا نے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بیروزگاری کا خاتمہ چاہتی ہے اور اس کیلئے وسائل کو بروئے کار لانے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہیں تاکہ ریاست جموں و کشمیر میں تعلیم یافتہ بے روزگاروں اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جا سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے اور زراعت کی طرف خصوصی توجہ دینے کیلئے حکومت کمربستہ ہے تاکہ ریاست کو جس مسئلے کا سامنا ہے اسے نمٹنے میں مدد مل سکے ۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وعدے کرنا آسان ہے اور وعدوں کونبھانا بہت بڑی بات ہوتی ہے ۔ انہوں نے سابق نیشنل کانفرنس اور کانگریس کی ملی جلی سرکار کو ہد ف تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں راجوری ضلع کی طرف توجہ دی ہو تی تو یہاں کے لوگوں کو اس طرح کے مشکلات کا سامنا نہ ہو تا ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ امن قائم کریں تاکہ ترقیاتی کاموں کو وقت پر مکمل کیا جا سکے جسے لوگوں کو سہولیات حاصل کرنے میں دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تشدد کیلئے ریاست میں کوئی جگہ نہیں اور تشدد سے کبھی بھی مسائل حل نہیں ہوا کرتے ہیں ۔ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ لوگوں نے جن ترقیاتی کاموں کو ہاتھ میں لینے کا مطالبہ کیا ہے میں انہیں یقین دلاتی ہوں کہ سرکار یہاں کے لوگوں کو ہی نہیں بلکہ پوری ریاست جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کاجال بچھائی گی اور نیا کشمیر تعمیر کرنے میں اپنا رول ادا کریگی۔ وزیراعلیٰ نے راجوری میں جے کے بینک کے زونل آفس کی عمارت کا افتتاع کرنے کے علاوہ ضلع اسپتال کی عمارت،بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں نرسنگ کالج عمارت کا بھی سنگ بنیاد رکھا ۔کورٹ ٹرنکا جلسے میں موجود لوگوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ شوپیاں بھدل روڈ کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے علاقے میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے اور حاملہ خواتین کیلئے زچگی کا اسپتال تعمیر کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے جلسے میں موجود لوگوں کو یقین دلایا کہ سرکا رراجوری ضلع کو ترقی کی منزلوں پر لے جانے کیلئے کئی طرح کے کام ہاتھ میں لے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 7جھیلوں کی عظمت رفتہ ،شان و شوکت بحال کی جائیگی اور اس ضلع کو سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنانے کیلئے نئے سیاحتی مقامات کو نقشے پر لایا جائیگا ۔ وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو یقین دلایا کہ علاقے میں زچہ اور بچہ اسپتال کا قیام عمل میں لانے کیلئے کارروئی عمل میں لائی جائیگی اور ریاست میں نئے کالجوں کا قیام عمل میں لانے کے وقت کورٹ ٹرنکا کے علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائیگا۔